• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بیوی کے علاوہ مرد کی بہتر تربیت کوئی نہیں کر سکتا، خلیل الرحمٰن قمر

شائع September 23, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف ڈراما نگار اور لکھاری خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا ہے کہ اچھی اور نیک بیوی خدا کی نعمت ہوتی ہے جب کہ اہلیہ کے علاوہ کوئی بھی مرد کی بہتر تربیت نہیں کر سکتا۔

خلیل الرحمٰن قمر کو عام طور پر ڈراموں میں خواتین کو کم تر یا کم اہمیت کے کرداروں میں دکھانے پر تنقید کا سامنا رہتا ہے۔

علاوہ ازیں انہیں عام طور پر ٹاک شوز میں بھی خواتین کے لیے سخت زبان استعمال کرنے پر بھی لوگوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تاہم وہ ہر بار خود کو خواتین کے حقوق کا علمبردار قرار دیتے رہے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے خواتین کے مضبوط اور بہترین ترین کردار بھی لکھے ہیں۔

حال ہی میں وہ دنیا ٹی وی کے شو ’مذاق رات‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر بھی بات کی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اچھا ڈراما یا اسکرپٹ لکھنا صرف اچھی اردو لکھنے سے نہیں لکھا جا سکتا۔

ان کے مطابق جو نئے لکھاری آ رہے ہیں، انہیں سمجھنا چاہئیے کہ اچھی تحریر لکھنا قدرت کا تحفہ ہوتا ہے، وہ دوسروں کی دیکھا دیکھی تحریری نہ لکھیں۔

انہوں نے کہا کہ فائزہ افتخار اور عمیرہ احمد اچھی لکھاری ہیں جب کہ ان کے علاوہ بھی دیگر ڈراما ساز اچھے اسکرپٹ لکھ رہے ہیں۔

خلیل الرحمٰن قمر نے لکھاریوں کو مشورہ دیا کہ وہ پروڈیوسرز یا ہدایت کار کے دباؤ میں آکر نہ لکھیں، وہ اپنی مرضی سے غیرت کرکے کہانیاں لکھیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی کسی پروڈیوسر کی ہدایات کے مطابق نہیں لکھا اور اسی وجہ سے انہیں مشکل وقت کا بھی سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے بھوک برداشت کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے لکھے گئے مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی کامیابی میں ان کے بعد دوسرا بڑا ہاتھ ہمایوں سعید کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے مذکورہ ڈرامے میں ’بے وفائی‘ کرنے والے افراد کو سزا بھی دی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے شادی اور میاں و بیوی کے تعلقات پر بھی بات کی اور کہا کہ شوہروں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئیے کہ وہ بیویوں کے سامنے ان کے شوہر نہ بنیں۔

ان کے مطابق شوہر یہ سوچ ذہن سے نکال لیں کہ بیوی ان کے بتائے گئے اصولوں یا باتوں پر چلنے یا عمل کرنے کی پابند ہے۔

ڈراما ساز نے مرد حضرات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیویوں کا ادب کریں، ان سے بحث نہ کریں، انہیں کم نہ سمجھیں، اگر وہ کبھی کبھی شوہروں کی بے عزتی بھی کرلیں تو انہیں برداشت کرنا چاہئیے۔

خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ اچھی اور نیک بیوی خدا کی نعمت ہوتی ہے اور ان کا یقین ہے کہ کسی بھی مرد کی تربیت بیوی کے علاوہ کوئی اور نہیں کر سکتا۔

انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ جس طرح بیٹے اپنی ماؤں کے آگے کچھ بول نہیں سکتے، سر جھکا لیتے ہیں، اسی طرح بیویوں کے سامنے سر جھکا لیا کریں، کیوں کہ وہ بھی مائیں ہوتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024