• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

والدہ کے علاج کیلئے پیسے مانگے تو لوگوں کے سامنے رونا پڑا، فضا علی غصہ ہوگئیں

شائع September 22, 2023
فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

ماضی کی مقبول ماڈل، اداکارہ اور گلوکارہ فضا علی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کے علاج کے لیے پیسے نہیں تھے، انہیں شوبز انڈسٹری کے لوگوں سے معاوضہ مانگنے کے لیے لوگوں کے سامنے رونا پڑا لیکن آج تک انہیں پیسے نہیں ملے۔

فضا علی نے مزاحیہ پرورگرام حد کردی میں شرکت کی جہاں انہوں نے شکوہ کیا کہ انہیں ان کے کام کا معاوضہ نہیں دیا گیا۔

فضا علی نے اپنی مرحوم ماں کے علاج کے لیے رقم نہ ہونے پر آنے والی مشکلات کے حوالے سے بتایا کہ جب ان کی والدہ کو علاج کی ضرورت تھی تو انہیں معاوضہ نہیں دیا گیا۔

فضا علی نے کہا کہ ’جب والدہ بیمار تھیں تو میں لوگوں کے سامنے رو رہی تھی کہ مجھے میرا معاوضہ دے دیں، پھر مجبوراً مجھے اپنا فلیٹ پیچنا پڑا جس کے بعد اپنی والدہ کا علاج کروایا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ٹی وی سیریلز میں کام کرنے کی ایک وجہ یہی ہے کہ میری والدہ کینسر کی مریضہ تھیں اور ان کے علاج کے لیے مجھے پیسوں کی ضرورت تھی، اس وقت لوگوں نے مجھے میرا معاوضہ نہیں دیا، اگر وہ لوگ مجھے پیسے دے دیتے تو مجھے اپنا گھر بیچنا نہیں پڑتا۔‘

پروگرام کے دوران آڈیئنس کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ ’جن لوگوں کے ساتھ آپ نے گانا گایا انہوں نے آپ کو معاوضہ نہیں دیا تو آپ انہیں رپورٹ کیوں نہیں کرتیں؟‘

جس پر فضا علی نے کہا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ رپورٹ کروں لیکن کسی نے میرا لحاظ نہیں کیا، مجھے نہیں معلوم تھا کہ جن لوگوں کے ساتھ میں گانا گاؤں گی وہ میرا اس طرح فائدہ اٹھائیں گے۔‘

فضا علی نے گلوکار ملکو کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’ملکو بھائی نے بھی میرا کوئی لحاظ نہیں کیا، ان کے ساتھ میں نے کئی گانے گائے، لیکن انہوں نے آج تک مجھے معاوضہ نہیں دیا۔‘

گلوکارہ اور ماڈل فضا علی اس دوران غصہ ہوگئیں اور کہا کہ ’میرا کیا قصور ہے، مجھے کسی نے معاوضہ نہیں دیا، اس لیے میں نے ایک سال تک گلوکاری کرنا چھوڑ دی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’گلوکار سجاد علی میرے بھائیوں کی طرح ہیں، انہوں نے اپنے گھر میں مجھے بہت زیادہ عزت دی، ان کی اہلیہ اور بچوں نے بھی مجھے بہت پیار اور عزت دی۔‘

فضا علی نے کہا کہ ’سجاد علی سے ملاقات کے لیے ان کے گھر گئی تو لوگوں نے افواہیں پھیلانا شروع کردیں کہ فضا علی نے سجاد علی سے شادی کرلی ہے اور ان کی بیگم بھی فضا علی اور ان کی بیٹی کو قبول کرلیا ہے، ایسی افواہیں سن کر بہت دکھ اور افسوس ہوتا۔‘

واضح رہے کہ اگست 2021 میں افواہیں گردش کررہی تھیں کہ فضا علی نے گلوکار سجاد علی سے شادی کرلی ہے، بعدازاں اداکارہ نے شادی کی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

فضا علی نے کہا تھا کہ انہیں دوسروں کی عزت اور زندگی خراب کرنے سے کیا ملتا ہے؟

اداکارہ نے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شادی شدہ ہیں یا نہیں؟ وہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے، دوسرے لوگ ان سے متعلق ایسی باتیں کرنا بند کریں اور وہ رشتے کرانے والی آنٹیوں کا کردار بھی ادا نہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024