• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کرانے کا اعلان

شائع September 21, 2023
الیکشن کمیشن نے کہا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی — فائل فوٹو: ڈان نیوز
الیکشن کمیشن نے کہا کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وتجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی — فائل فوٹو: ڈان نیوز

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرا دیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آج الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023کو شائع کر دی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ اس کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024کے آخری ہفتے میں کرا دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور ان کی آرا کی روشنی میں حلقہ بندی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اس کے دورانیے کو کم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حلقہ بندی کی حتمی اشاعت اب 30 نومبر 2023 تک کردی جائے گی۔

اگرچہ حلقہ بندی کی مدت میں کمی کے باوجود بھی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 روز کے اندر انتخابات کے انعقاد سے متعلق آئینی شق کی خلاف ورزی ہوگی۔

قومی اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز میں انتخابات کرانے کی آئینی مدت کے مطابق انتخابات 7 نومبر ہونے چاہیے تھے، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے سامنے آنے والے اس اعلان سے انتخابات میں کئی ماہ تک کی تاخیر کے خدشات دم توڑ جائیں گے اور بے یقینی کا خاتمہ ہوگا۔

انتخابات کی تیاری میں تعاون کیلئے ڈی سیز کو خط

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر عام انتخابات کی تیاری میں تعاون کے لیے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور اسلام آباد کے چیف کمشنر کے ساتھ ساتھ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ کر ہدایات دے دیں۔

کمیشن نے خط میں ہدایت کی کہ ملک میں انتخابات کی تیاریاں کی جائیں، آئین کے تحت تمام انتظامی افسران الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ چیف سیکریٹریز کو انتخابات کی تیاریوں میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں اور اس کے علاوہ ملک کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی الیکشن کمیشن سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ پورے ملک میں انتظامی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے، حساس اور غیر حساس انتخابی مواد رکھنے کے لیے محفوظ اور مناسب جگہیں فراہم کی جائیں۔

مزید کہا گیا کہ انتخابی مواد میں ریٹرننگ افسران کو فراہم کیے جانے والے ٹیبلیٹس کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے اور انتخابی مواد جن مقامات پر رکھا جائے وہاں بہترین سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں، الیکشن ایجنٹوں اور انتخابی امیدواروں کے لیے ضابطہ اخلاق کا ڈرافٹ جاری کرتے ہوئے مزید مشاورت کے لیے سیاسی جماعتوں کو 4 اکتوبر کو دعوت دی تھی۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے سیکشن 233، الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ضابطہ اخلاق پر مشاورت کے لیے سیاسی جماعتوں کا اجلاس 4 اکتوبر 2023 کو دوپہر 2 بجے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں طلب کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں ضابطہ اخلاق کے ڈرافٹ کی ایک کاپی بھی سیاسی پارٹیوں کے سربراہان کو بھیج دی گئی ہے تاکہ مشاورت کے وقت وہ ضابطہ اخلاق پر بہتر انداز میں اپنا فیڈ بیک دے سکیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024