• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

نائلہ کیانی آٹھویں بلند ترین چوٹی سر کرنیوالی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں

شائع September 21, 2023
— فائل فوٹو: ٹوئٹر
— فائل فوٹو: ٹوئٹر

پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ’مناسلو‘ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نائلہ کیانی پاکستانی کوہ پیما سرباز خان کے ہمراہ امیجن نیپال مہم کی ٹیم کا حصہ ہیں جو بیس کیمپ ون پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

انہوں نے ڈان کو بتایا تھا کہ وہ 21 ستمبر (آج) ماؤنٹ مناسلو سر کر لیں گی جس کے بعد وہ 8 ہزار میٹر سے زائد بلند 9 بلند چوٹیاں سر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔

سماجی پلیٹ فارم ایکس پر قراقرم کلب کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نائلہ کیانی نے دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی سر کرلی ہے اور وہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

قراقرم کلب کی جانب سے لکھا گیا کہ ’آج صبح 7 بجکر 56 منٹ پر نائلہ کیانی نے کامیابی سے دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی مناسلو سر کرلی ہے اور یہ کارنامہ سرانجام دینی والی وہ پاکستانی کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔‘

کلب کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’اس کامیابی کے بعد نائلہ کیانی نے دنیا کی 14 بلند چوٹیوں میں سے 9 چوٹیاں سر کرلی ہیں، ہم نائلہ کیانی کو اس ناقابل یقین کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔‘

پاکستانی کوہ پیما اس سے قبل کے ٹو، نانگا پربت، لوٹسے، اناپورنا، گیشربرم ون، گیشربرم ٹو اور براڈ پیک چوٹی سمیت دیگر 8 ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹیاں سر کرنے میں کامیاب ہوچکی ہیں۔

انہوں نے اس سے قبل نیپال کی 8 ہزار 91 میٹر دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا سر کرکے تاریخ رقم کی تھی۔

نائلہ اپنے نیپال کے دورے کے دوران دنیا کا بلند ترین پہاڑ ایورسٹ بھی سر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

سرباز خان نے اضافی آکسیجن کے بغیر آٹھویں بلند ترین چوٹی سرکرلی

نائلہ کیانی کے ہمراہ کے ٹو مہم کا حصہ بننے والے پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے اضافی آکسیجن کے بغیر ماؤنٹ مناسلو سر کرلیا ہے۔

سرباز خان کی کامیابی کا اعلان قراقرم کلب کی جانب سے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر کیا گیا۔

کلب کی جانب سے بتایا گیا کہ ’آج صبح 6 بجکر 26 منٹ پر پاکستانی کوہ پیما سرباز خان اضافی آکسیجن کے بغیر ماؤنٹ مناسلو سرکرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، یہ کامیابی ان کے مشن سمٹ 14 پروجیکٹ میں ایک اہم قدم ہے، جہاں وہ آخری 2 چوٹیاں سر کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘

ہنزہ کے علاقے علی آباد سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ سرباز خان نے اپنے کوہ پیمائی کے کریئر کا آغاز 2016 میں کیا تھا۔

وہ 8 ہزار میٹر سے زائد بلند 14 چوٹیوں میں سے 12 چوٹیاں سرکر چکے ہیں، 2019 میں وہ اضافی آکسیجن کے بغیر نیپال کی 8 ہزار 516 میٹر بلند دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی لوٹسے سر کرنے والے پہلے پاکستانی بنے تھے۔

یہی نہیں بلکہ سرباز خان 2017 میں 8 ہزار 125 میٹر بلند نانگا پربت، 2018 میں 8 ہزار 611 میٹر بلند کے ٹو اور 2019 میں 8 ہزار 163 میٹر بلند براڈ پیک سر کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، رواں سال کے اوائل میں وہ 8 ہزار میٹر اونچا اناپورنا پہاڑ، 8 ہزار 848 میٹر بلند ایورسٹ اور 8 ہزار 35 میٹر بلند گیشربرم ٹو سر کرچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024