• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

ایران: مہسا امینی کی پہلی برسی، رضاکار فورس ’باسج‘ کا رکن قتل

شائع September 17, 2023
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بہت سی گرفتاریاں مہسا امینی کے آبائی صوبے کردستان کے ساتھ ساتھ ایران کے شمال مغرب اور جنوب میں کی گئی ہیں — فائل فوٹو
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بہت سی گرفتاریاں مہسا امینی کے آبائی صوبے کردستان کے ساتھ ساتھ ایران کے شمال مغرب اور جنوب میں کی گئی ہیں — فائل فوٹو

ایران کی پاسداران انقلاب کی رضاکار فورس ’باسج‘ کے ایک رکن کو مہسا امینی کی پہلی برسی کے موقع پر ہونے والی تقاریب کے دوران گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق 16 ستمبر 2022 کو ملک کے لباس کوڈ کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں مہسا امینی کو ملک کی اخلاقی پولیس نے حراست میں لیا تھا، لیکن وہ دوران حراست ہی انتقال کر گئی تھیں جس کے بعد پولیس پر مہسا امینی کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا گیا تھا۔

مہسا امینی کی موت کے بعد کئی ماہ تک پرتشدد مظاہرے جاری رہے تھے جس میں متعدد سیکیورٹی اہلکاروں سمیت سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے اور ان ہنگاموں کو ایرانی حکومت نے غیر ملکی حکومتوں اور میڈیا کی سازش قرار دیا تھا۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جنوبی صوبے فارس کے شہر نورآباد میں ’باسج‘ گارڈز پر دو نامعلوم حملہ آوروں کی شدید فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔

ابتدائی طور پر حملہ آوروں کی شناخت یا فائرنگ کے محرکات کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے کی انٹیلی جنس ایجنسیاں، سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دریں اثنا، پاسداران انقلاب نے اعلان کیا کہ دارالحکومت تہران کے مغرب میں واقع شہر کاراج میں فسادات اور توڑ پھوڑ کرنے کی کوششوں میں ملوٖث دہری شہریت کے حامل ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گارڈز نے مشتبہ شخص کی شناخت یا قومیت کے بارے میں مزید وضاحت نہیں کی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز حکام نے افراتفری پھیلانے کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ ’ملک دشمن میڈیا‘ کے لیے مواد تیار کرنے کے الزامات کے تحت متعدد گروپوں کو گرفتار کیا تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بہت سی گرفتاریاں مہسا امینی کے آبائی صوبے کردستان کے ساتھ ساتھ ایران کے شمال مغربی اور جنوبی علاقوں سے عمل میں لائی گئیں۔

خبر رساں ایجنسی ’مہر‘ کے مطابق دیگر افراد کو شمال مشرقی صوبے شمالی خراسان میں فسادات کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ مرکزی شہر اصفہان میں حکام نے مظاہروں کے موقع پر عوام کو بھڑکانے کی کوشش کرنے والے 97 افراد کی شناخت کی ہے اور 15 انسٹاگرام پیجز کو بھی بلاک کر دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024