• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

ایشیا کپ فائنل میں سری لنکن ٹیم 50 رنز پر ڈھیر، بھارتی ٹیم نئی ایشین چیمپیئن بن گئی

شائع September 17, 2023
بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو: اے ایف پی
بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو: اے ایف پی
محمد سراج نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا — فوٹو: ٹوئٹر / بی سی سی آئی
محمد سراج نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا — فوٹو: ٹوئٹر / بی سی سی آئی

بھارت نے محمد سراج کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔

پہلے اوور کی تیسری گیند پر جسپریت بمراہ نے کوشل پریرا کو لوکیش راہُل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا، وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔

محمد سراج کی جانب سے کرایا گیا میچ کا چوتھا اوور سری لنکن ٹیم کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا جس کی پہلی گیند پر بھارتی باؤلر نے پہلے پاتھم نسانکا کو 2 رنز پر چلتا کیا اور پھر تیسری گیند پر سدیرا سماراوکراما کا بھی کام تمام کردیا۔

ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلی ہی گیند پر سراج نے چارتھ اسالانکا کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا اور پھر اسی اوور کی آخری گیند پر دھننجیا ڈی سلوا کو بھی پویلین واپسی کا پروانہ تھماتے ہوئے اوور میں چار وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکن ٹیم کی مشکلات میں ابھی کمی ہوئی بھی نہ تھی کہ سراج نے ایک اور کاری ضرب لگاتے ہوئے اپنے اگلے اوور میں داسن شناکا کا کام بھی تمام کردیا۔

12 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد ہی میچ کا نتیجہ سب پر واضح ہوچکا تھا تاہم اس خراب صورتحال میں کوشل مینڈس اور دونتھ ویلالگے نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو تھوڑی دیر کے لیے روک دیا تھا۔

دھننجیا ڈی سلوا کی وکٹ لینے کے بعد محمد سراج کا ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی
دھننجیا ڈی سلوا کی وکٹ لینے کے بعد محمد سراج کا ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی

دونوں کھلاڑیوں نے 21 رنز جوڑ کر اسکور کو 33 تک پہنچایا ہی تھا کہ مینڈس کی ہمت جواب دے گئی اور سراج نے ایک مرتبہ پھر بہترین کاریگری دکھاتے ہوئے چھٹی وکٹ اپنے نام کر لی۔

اس تمام صورتحال میں وکٹوں کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لیے ہاردک پانڈیا میدان میں اترے اور بقیہ تینوں وکٹیں اپنے نام کر کے سری لنکن ٹیم کی بساط 50 رنز پر لپیٹ دی۔

سری لنکن بلے بازوں کی بے بسی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دو بلے بازوں کے سوا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہو سکا۔

سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 50 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی جو ناصرف ایشیا کپ بلکہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے کسی بھی فائنل کا اب تک کا سب سے کم اسکور ہے۔

بھارتی فاسٹ باؤلر محمد سراج نے سات اوورز میں 21 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پانڈیا نے 3 اور جسپریت بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن بلے باز داسن شناکا کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن بلے باز داسن شناکا کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو بھارتی بلے بازوں کو کسی بھی قسم کی مشکل پیش نہ آئی اور انہوں نے اپنی ٹیم کو ساتویں اوور کی پہلی ہی گیند پر فتح سے ہمکنار کرا کر 10 وکٹوں کی شاندار کامیابی کے ساتھ ساتھ نیا ایشین چیمپیئن بھی بنا دیا۔

ایشان کشن نے 23 اور شبمن گل نے 27 رنز بنائے۔

محمد سراج کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے کم اوورز میں ختم ہونے والا فائنل میچ ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا تھا اور ای ایس پی این کرک انفو نے رپورٹ کیا تھا کہ کولمبو میں بارش کے سبب میچ میں تاخیر ہو گئی ہے اور پورے گراؤنڈ کو کور کر دیا گیا ہے۔

سری لنکن کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر بات کرتے ہوئے کہا کہ شام میں وکٹ پر کچھ ٹرن دیکھنے کو مل سکتی ہے، لیکن پچ بیٹنگ کے لیے سازگار نظر آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھی اور نوجوان ٹیم کو اکٹھا کرنے کا کریڈٹ سلیکٹرز کو دیتا ہوں، انہوں نے تصدیق کی کہ مہیش تھیکشنا کی جگہ ٹیم میں دشن ہیمانتھا کو شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے بتایا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے لیکن ہمیں امید ہے کہ ابتدا میں ہی ہم سری لنکن بلے بازوں پر دباؤ بڑھائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 6 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اہم کھلاڑی ٹیم میں واپس آ چکے ہیں۔

ایشیا کپ فائنل میں دونوں ٹیمیں 7 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، بھارت نے 4 بار سری لنکا کو زیر کیا جبکہ سری لنکا نے تین بار بھارت کو شکست دی ہے، تاہم آئی لینڈرز نے کولمبو میں ایشیا کپ کے تمام فائنل میں کامیابی حاصل کی ہے۔

یہ میچ سری لنکا کا لگاتار دوسرا اور مجموعی طور پر 11واں فائنل ہوگا، 6 بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے والی سری لنکن ٹیم بھارت کے 7 ایشیا کپ ٹائٹل کے ریکارڈ برابر کرنے کی کوشش کرے گی۔

دونوں ٹیموں نے ایشیا کپ 2023 میں 4،4 میچز جیتے اور ایک، ایک میچ میں شکست ہوئی ہے جبکہ بھارت کا پاکستان کے ساتھ ایک میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔

ایشیا کپ ٹورمنٹ کے ابتدائی میچز سے اندازہ لگاتے ہوئے کرکٹ شائقین کو یہ امید نہیں تھی کہ اپنے ہوم گراؤنڈ میں پرفارم کرنے والی سری لنکا کی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے کیونکہ پورے ٹورمنٹ میں شائقین فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم (جو اس وقت نمبر ون انٹرنیشنل ٹیم ہے) کا مقابلہ بھارت کے ساتھ دیکھنے کی امید کر رہے تھے۔

سری لنکا نے سپر 4 مرحلے کے دوران پاکستان کے خلاف 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، جس کے بعد سری لنکن ٹیم آج کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں بھارت کے ساتھ فائنل میچ کھیلے گی۔

دوسری ٹیموں کے مقابلے سری لنکا اور بھارت نے ایک دوسرے کے خلاف سب سے زیادہ (166) ون ڈے میچز کھیلے ہیں، ان میچز میں بھارت نے 97 میچز میں فتح حاصل کی جبکہ سری لنکا 57 میچز میں کامیاب رہے، ان میں سے 11 میچز کا نتیجہ ’بے نتیجہ‘ نکلا جبکہ ایک میچ ٹائی ہوگیا تھا۔

بھارت اور سری لنکا کی پلیئنگ الیون:

بھارت:

روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، واشنگٹن سندر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو، محمد سراج

سری لنکا:

کوسل پریرا، پاتھم نسانکا، کوسل مینڈس، سدیرا سماراویکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، داسن شناکا (کپتان)، دونتھ ویلالج، دوشن ہیمن متھیشا پاتھیرانا، پرامود مادھوشن

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024