• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نسیم شاہ کندھے کی سنگین انجری کا شکار، ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

شائع September 16, 2023
نسیم شاہ دوران فیلڈنگ انجری کا شکار ہو کر ایشیا کپ سے باہر ہو گئے تھے— فوٹو: اے ایف پی
نسیم شاہ دوران فیلڈنگ انجری کا شکار ہو کر ایشیا کپ سے باہر ہو گئے تھے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل ایک بڑا دھچکا لگا ہے اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی انجری کے سبب ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) عالمی کپ میں ان کی شرکت کے حوالے سے فیصلہ میڈیکل رپورٹ کے بعد کرے گا۔

بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے سپر فور راؤنڈ کے میچ میں نسیم شاہ دوران فیلڈنگ انجری کا شکار ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

ابتدائی طور پر یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ نسیم شاہ دو سے تین ہفتے کے اندر فٹ ہو جائیں گے اور ورلڈ کپ کے ابتدائی ایک دو میچوں کے سوا بقیہ ایونٹ کے لیے دستیاب ہوں گے لیکن اب خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ پورے ایونٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق سی ٹی اسکین سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ نسیم کی انجری ابتدائی طور پر جو خدشہ ظاہر کیا گیا تھا اس سے زیادہ خطرناک ہے جس کے نتیجے میں وہ ورلڈ کپ سے باہر ہو سکتے ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ پی سی بی نے اس حوالے سے مزید مشورے کا فیصلہ کیا ہے تاہم دبئی میں کیے گئے ٹیسٹ کے اسکین سے یہ لگتا ہے کہ وہ اس انجری کے سبب رواں سال کرکٹ کھیلنے سے قاصر رہیں گے اور حتیٰ کہ اگلے سال کی پاکستان سپر لیگ سے بھی باہر ہو سکتے ہیں۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا۔

پی سی بی نے بیان میں کہا کہ پی سی بی کی میڈیکل ٹیم نسیم شاہ کی کندھے کی انجری کا جائزہ لے رہی ہے اور اس حوالے سے طبی ماہرین سے مشاورت بھی جاری ہے تاکہ نسیم کا بہترین خیال رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ میڈیکل پینل مزید جانچ کے بعد فاسٹ باؤلر کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔

نسیم شاہ کو شاہین اور حارث رؤف کے ہمراہ پاکستان کے تین رکنی فاسٹ باؤلنگ اٹیک کا لازمی جزو تصور کیا جاتا ہے۔

ایشیا کپ کے دوران حارث رؤف بھی انجری کا شکار ہوئے تھے اور اسی سبب سری لنکا کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

نسیم کی غیرموجودگی پاکستان کے لیے 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں بڑا دھچکا ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ قومی ٹیم کو فی الوقت ان کا مناسب متبادل بھی دستیاب نہیں ہے۔

تیز باؤلنگ کے لیے مشہور نسیم شاہ کے ممکنہ متبادل احسان اللہ اور محمد حسنین ہو سکتے تھے لیکن یہ دونوں بھی اس وقت انجری کا شکار ہیں لہٰذا ایسی صورت میں بورڈ کے لیے ان کے متبادل کا انتخاب بڑا مشکل لمحہ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024