ایشیا کپ: سپرفور کا آخری میچ، بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھارت کو 6 رنز سے شکست
بنگلہ دیش نے کپتان شکیب الحسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی بہترین کارکردگی کی بدولت ایشیا کپ کی مضبوط ٹیم بھارت کو سپرفور کے آخری میچ 6 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنا اختتام جیت کے ساتھ کیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے کے آخری میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلہ دیش کے لٹن داس تیسرے اوور میں 13 کے اسکور پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔
چوتھے اوور کی پہلی گیند پر اسکور 15 رنز تھا کہ تنظیم حسن کو شاردل ٹھاکر آؤٹ کردیا، جنہوں نے 13 رنز بنائے تھے۔
انعام الحق بھی 4 رنز کا اضافہ کرپائے اور 28 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان شکیب الحسن نے بہترین بیٹنگ کی اور پہلے مہدی حسن میراز کے ساتھ مل کر اسکور 59 رنز تک پہنچایا تاہم مہدی حسن کی اننگز 13 رنز پر ختم ہوگئی۔
توحید ہریدوئے اور شکیب الحسن نے شراکت میں بنگلہ دیش کو 160 رنز تک پہنچایا اور اس دوران کپتان نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔
شکیب الحسن کی 85 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل ذمہ دارانہ اننگز 34 ویں اوور میں شاردل ٹھاکر کی گیند پر تمام ہوئی۔
نئے آنے والے بلے باز شمیم حسین ایک رن کا اضافہ کرکے جڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
توحید ہریدوئے نے 81 گیندوں پر 5 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے اور محمد شامی کی وکٹ بن گئے اور اس وقت بنگلہ دیش کا اسکور 42 ویں اوور میں 193 رنز تھا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز نسم احمد تھے، جنہوں نے 45 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز بنائے تھے اور ٹیم کا اسکور 238 رنز تک پہنچایا تھا۔
بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 265 رنز بنائے۔
مہدی حسن 29 اور تنظیم حسن شکیب 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے شاردل ٹھاکر نے سب سے زیادہ 3 اور محمد شامی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارت کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں تھا اور کپتان روہت شرما صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی دوسری وکٹ 17 کے اسکور پر گری جب تلک ورما 5 رنز بنا کر تنظیم حسن شکیب کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کے ایل راہول نے19 رنز بنا کر شبمن گل کا ساتھ دیا اور اسکور 18 ویں اوور میں 74 رنز تک پہنچا کر مہدی حسن کی گیند پر شمیم حسین کو کیچ دے گئے۔
وکٹ کیپر ایشان کشن بھی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بھارت کے 4 کھلاڑی 93 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔
ایشیا کپ میں پہلی مرتبہ ٹیم میں جگہ بنانے والے سوریا کمار یادیو نے 34 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 26 رنزبنا کر 139 رنز تک شبمن گل کا ساتھ دیا۔
مستفیض الرحمٰن نے 7 رنز بنانے والے رویندرا جڈیجا کو 38 ویں اوور کی چوتھی گیند پر بولڈ کرکے بھارت کی چھٹی وکٹ گرادی۔
دوسرے اینڈ سے شبمن گل نے اچھی بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ون ڈے کیریئر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔
شبمن گل نے 133 گیندوں پر 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے لیکن ٹیم کو فتح دلائے بغیر 44 ویں اوور میں 209 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، انہیں مہدی حسن نے آؤٹ کیا۔
مستفیض الرحمٰن نے 49 ویں اوور کی پہلی گیند پر 11 رنز بنانے والے شاردل ٹھاکر کی وکٹ حاصل کرکے 249 کے اسکور پر بھارت کی آٹھویں وکٹ گرادی۔
اپنے آخری اوور کی چوتھی گیند پر مستفیض نے بھارت کو جیت کے قریب لانے والے آکشر پٹیل کو نشانہ بنایا اور ان کی 34 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل 42 رنز کی اہم اننگز کا خاتمہ کردیا۔
محمد شامی نے آخری اوور میں مطلوبہ 12 رنز بنانے کی بھرپور کوشش کی لیکن تنظیم الحسن نے ان کو موقع نہیں دیا تاہم چوتھی گیند پر چوکا ضرور لگایا تھا۔
اننگز کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر بنگلہ دیش کے فیلڈرز نے محمد شامی کو دوسرا رن لینے کی پاداش میں رن آؤٹ کرکے بھارت کی پوری ٹیم کو 259 رنز پر آؤٹ کردیا۔
بھارت کی ٹیم کو بنگلہ دیش نے 6 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں جیت کے ساتھ اپنا سفر مکمل کیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمٰن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، تنطیم حسن اور مہدی حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کرلیں۔
ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے سے بنگلہ دیش پہلے ہی باہر ہوچکی تھی جبکہ بھارت بہترین کارکردگی کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا چکا ہے۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔
ایشیا کپ کا فائنل 17 ستمبر کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔