• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

شائع September 15, 2023
آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے قریب والی تنگی میں دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا — فائل فوٹو: ڈان
آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے قریب والی تنگی میں دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا — فائل فوٹو: ڈان

بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے قریب والی تنگی میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک جب کہ پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 14 ستمبر 2023 کو بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے قریب والی تنگی میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن کی سلامتی کے فرض کی انجام دہی کے دوران صوبیدار قیصر رحیم نے جام شہادت نوش کیا جب کہ پاک فوج کا ایک سپاہی شدید زخمی بھی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گی۔

واضح رہے کہ 9 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے علاقے چترال میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 7 دہشت گرد ہلاک اور 6 شدید زخمی ہو گئے تھے، جب کہ ایک اور کارروائی کے دوران خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں میر علی کے علاقے میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

اس کارروائی سے قبل چند روز قبل بھی خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کے علاقے کیلاش میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 4 اہلکار شہید جبکہ 12 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ نے ضلع چترال کے علاقے کیلاش میں افغانستان کی سرحد کے قریب قائم فوج کی دو چوکیوں پر حملہ کیا۔

خیال رہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے گزشتہ سال نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور خیبر میں 2 ستمبر کو پاک فوج کی الگ الگ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت پاک فوج کے 3 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پاک فوج کے ضلع سرگودھا سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ میجر عامر عزیز اور ضلع ساہیوال سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ سپاہی محمد عارف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

مزید بتایا گیا تھا کہ ضلع خیبر کے علاقے تیرہ میں 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فوجی جوانوں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ حوالدار منتظر شاہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں 31 اگست کو فوجی قافلے پر موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 9 جوان شہید اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ خودکش حملے کے نتیجے میں نائب صوبیدار صنوبر علی سمیت 9 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 5 زخمی ہوئے۔

اس سے قبل 22 اگست کو جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا، جبکہ مؤثر کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024