’دنیا بھر میں 30 کروڑ سے زائد بچے خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں‘
یونیسیف اور ورلڈ بینک کی جانب سے کیے گئے ایک حالیہ تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا بھر میں ہر 6 میں سے ایک بچہ (یعنی تقریباً 33 کروڑ 30 لاکھ بچے) خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، اگر اس تعداد میں اضافہ ہوتا رہا تو 2030 تک بچوں کی غربت کے خاتمے کے لیے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل نہیں ہو سکے گا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بین الاقومی خط غربت کے مطابق گلوبل ٹرینڈ چائلڈ مانیٹری پاورٹی کے عنوان سے رپورٹ میں انتہائی غربت کے شکار بچوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2013 سے 2022 تک یومیہ 2.15 ڈالرز کی آمدنی سے کم پر زندگی گزارنے والے بچوں کی تعداد 38 کروڑ 30 لاکھ سے کم ہو کر 33 کروڑ 30 لاکھ ہو گئی ہے۔
تاہم کووڈ-19 کی وجہ سے منفی معاشی اثرات کے نتیجے میں بچوں کی غربت کو کم کرنے کی کوششیں 3 سال تاخیر کا شکار رہیں۔
تجزیے سے معلوم ہوا کہ 2022 کے دوران غربت کا شکار ہونے والے 33 کروڑ 30 لاکھ بچوں کی مدد کرنا اور غربت کی بنیادی وجوہات کا حل نکالنا انتہائی ضروری ہے۔
ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ غربت کے شکار یہ بچے کون ہیں، انہیں کس چیز کی ضرورت ہے، وہ کہاں رہتے ہیں، اور بچوں کی غربت کو کم کرنے کے لیے موجود پالیسیاں کیو کام نہیں کر رہی ہیں، ان سوالات کا جواب تلاش کرکے ہمیں مناسب پالیسی اور حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔
یہ تجزیہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے قبل جاری کیا گیا ہے (جو 18 سے 22 ستمبر تک شیڈول ہے) اس ہفتے کے دوران دنیا بھر کے رہنما مختلف اہم امور پر بات چیت کے لیے اکٹھے ہوں گے، جس میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے پیش رفت بھی شامل ہے۔
دنیا بھر میں انتہائی غریب لوگوں میں سے نصف سے زیادہ بچے ہیں، حالانکہ بچے کل عالمی آبادی کا صرف ایک تہائی ہیں، بالغ لوگوں کے مقابلے میں بچوں کے انتہائی غربت کا سامنا کرنے کے امکانات نمایاں طور پر زیادہ ہیں، خاص طور پر 15.8 فیصد بچے ایسے گھرانوں میں رہتے ہیں، جہاں ان کے پاس خوراک، صاف پانی، مناسب رہائش، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم تک رسائی جیسی ضروری چیزوں کی کمی ہے، جو ان کی فلاح و بہبود اور نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔
انتہائی غریب گھرانوں میں رہنے والے بچوں کی جغرافیائی تقسیم سے پتہ چلتا ہے کہ سَب صحارا افریقا میں 2022 میں انتہائی غربت میں رہنے والے بچوں کی سب سے زیادہ شرح 40 فیصد ہے، سَب صحارا افریقا میں رہنے والے بچے انتہائی غربت کا سامنا کر رہے ہیں۔
جنوبی ایشیا میں بحران
جنوبی ایشیا میں 2022 میں انتہائی غربت میں رہنے والے بچوں کی شرح 9.7 فیصد تھی، جس کا مطلب ہے کہ اس خطے میں 6 کروڑ 20 لاکھ چے انتہائی غربت میں زندگی گزار رہے تھے، جو عالمی سطح پر انتہائی غریب بچوں کی شرح 18.6 فیصد بنتی ہے۔
آسان الفاظ میں کہا جائے تو دنیا کے تقریباً 90 فیصد خط غربت کی لکیر سے نیچے بچے سب صحارا افریقا اور جنوبی ایشیا میں پائے جاتے ہیں۔
خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے بچوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کے کئی عوامل ہیں جن میں آبادی میں تیزی سے اضافہ، سماجی تحفظ کے خاطر خواہ اقدامات کا فقدان، اور عالمی چیلنجز جیسا کہ کووڈ-19 کے اثرات اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آفات شامل ہیں۔
اسی دوران جہاں بچوں کی غربت کی شرح بڑھ رہی ہے، وہیں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کے علاوہ دنیا کے دیگر حصوں میں عام طور پر انتہائی غربت کی شرح میں مسلسل کمی دیکھی گئی ہے۔
یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کے اثرات، موسمیاتی تبدیلی اور اقتصادی چیلنجز جیسے پیچیدہ بحرانوں نے ہماری ترقی کو روک دیا ہے اور لاکھوں بچے غربت کا شکار ہیں، ہمیں ان بچوں کو مایوس نہیں ہونے دینا چاہیے۔ غربت کے خاتمے کے لیے پالیسیاں ترتیب دینے کی ضرورت ہے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے کہ تمام بچے تعلیم، غذائیت، صحت کی دیکھ بھال اور سماجی مدد جیسی اہم خدمات تک رسائی حاصل کر رہے ہوں۔