• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

امریکا: صدر بائیڈن کے بیٹے پر غیرقانونی طور پر بندوق خریدنے کے کیس میں فرد جرم عائد

شائع September 14, 2023 اپ ڈیٹ September 15, 2023
خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ جوبائیڈن کی انتخابی مہم پر اثر پڑسکتا ہے—فوٹو: اے ایف پی
خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ جوبائیڈن کی انتخابی مہم پر اثر پڑسکتا ہے—فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن پر 5 برس قبل غیرقانونی طور پر بندوق خریدنے کے کیس میں فردجرم عائد کردی گئی۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہنٹر بائیڈن پر 5 برس قبل غیرقانونی طور پر بندوق خریدنے پر فردجرم عائد کردی گئی ہے اور اس وقت انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ منشیات کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ہنٹر بائیڈن پر دو الزامات عائد کیے گئے کہ انہوں نے ڈیلاویئر میں جب بندوق خریدی تو فارم میں غلط بیان درج کیا کہ وہ منشیات کا استعمال نہیں کرتے ہیں۔

امریکی صدر کے بیٹے پر دوسرا الزام یہ ہے کہ جھوٹے بیان کی بنیاد پر انہوں نے غیرقانونی طور پر بندوق اپنے پاس رکھی، جس کے تحت انہیں 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

امریکی جسٹس ڈپارٹمنٹ کے وکیل ڈیوڈ ویئس نے ہنٹر بائیڈن پر مقدمہ درج کیا تھا، جس پر 2018 سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس پیش رفت سے دو ماہ قبل ہنٹر بائیڈن اور ڈیوڈ ویئس درمیان معاہدے کی درخواست دی گئی تھی، جس میں بندوق رکھنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس کی مبینہ خلاف ورزی شامل تھی تاہم یہ معاہدہ اس بات پر کھٹائی پڑ گیا تھا کہ آیا صدر کا بیٹا اضافی الزامات کا سامنا کرسکتا ہے۔

رواں برس جولائی میں ہنٹربائیڈن نے ٹیکس سےمتعلق دو معمولی الزمات پر غلطی کا اعتراف کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیاکہ جواب میں انہیں نگرانی کی پیش کش کی گئی تھی جو وہ پہلے ہی مکمل کر چکے تھے جس سے حکومت دیگر سزاؤں کے ساتھ ملا رہی تھی۔

اسی معاہدے میں ڈیوڈ ویئس نے اتفاق کیا تھا کہ ٹرائل سے قبل کاؤنسلنگ یا بحالی کا مرحلہ مکمل کرنے کی صورت میں وہ ہنٹربائیڈن پر بندوق کے حوالے سے لگائے گئے الزامات معطل کر دیں گے۔

بعد ازاں 26 جولائی کو ڈرامائی سماعت میں معاہدہ اس بات پر ناکام ہوا کہ کیا ہنٹربائیڈن کو ڈیوڈ ویئس کی جانب سے کی گئی تفتیش میں شامل دیگر الزامات میں استثنیٰ حاصل ہے یا نہیں، جن میں یوکرین، چین اور دیگر ممالک میں کاروباری معاہدوں سے متعلق ممکنہ جرائم شامل تھے۔

جج نے نشان دہی کی تھی کہ ہنٹر بائیڈن پر جسٹس ڈپارٹمنٹ میں خود کو رجسٹر کیے بغیر غیرملکی حکومتوں کے لیے لابنگ کرنے کے الزام پر فرد جرم عائد ہوسکتی ہے۔

بعد ازاں ڈیوڈ ویئس نے ٹیکس الزامات واپس لیے تھے اور عدالت میں اشارہ دیا تھا کہ نئے الزامات دوسری ریاستوں میں منتقل کردیے جائیں گے اور انہوں نے ڈیلیویئر کی عدالت سے کہا تھا کہ بندوق پر فرد جرم ستمبر کے آخر تک عائد ہوگی۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ وکیل اور لابسٹ 53 سالہ ہنٹر بائیڈن کو درپیش قانونی مشکلات کے اثرات ان کے والد جوبائیڈن کی دوبارہ صدر بننے کی مہم پر پڑ سکتے ہیں۔

ری پبلکن امیدواروں نے ثبوت پیش کیے بنا جسٹس ڈپارٹمنٹ پر الزام عائد کیا تھا کہ صدر کے بیٹے کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور ری پبلکن کی جانب تعینات کیے گئے ڈیوڈ ویئس پر بھی الزام تھا کہ وہ ہنٹر بائیڈن کے ساتھ نرمی سے پیش آرہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024