• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایشیا کپ: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہونے کا اندیشہ

شائع September 13, 2023
میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہتا ہے تو ایسی صورت میں گرین شرٹس ایشیا کپ سے باہر ہو جائیں گے— فوٹو: اے ایف پی
میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہتا ہے تو ایسی صورت میں گرین شرٹس ایشیا کپ سے باہر ہو جائیں گے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کا ایشیا کپ میں سفر تمام ہونے کے قریب معلوم ہوتا ہے کیونکہ قومی ٹیم اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا میچ بارش کی نذر ہونے کا خدشہ ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شیڈول میچ سیمی فائنل کی شکل اختیار کر گیا ہے جہاں میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی۔

تاہم محکمہ موسمیات نے کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں شیڈول میچ سے قبل پیش گوئی کی ہے کہ جمعرات کو موسم ناخوشگوار ہوگا جہاں 96 فیصد بارش اور 56 فیصد طوفانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے میچ کے بارش کی نذر ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رات کو موسم ابرآلود رہنے کا امکان 98 فیصد ہے اور صبح سے قبل بارش کا امکان 28 فیصد ہے۔

میچ کی اننگز کے دوران محکمہ موسمیات نے دو مرتبہ بارش کی پیش گوئی کی ہے جس میں پہلی مرتبہ بارش مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے اور پھر رات 8 بجے، دوسری مرتبہ بارش کی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے مزید پیش گوئی کی گئی ہے کہ میچ میں دن کے وقت ہونے والی اننگز کے دوران بارش ہونے 90 فیصداور رات کو بارش ہونے کا اندیشہ 80 فیصد ہے۔

بی بی سی کی موسم کی پیش گوئی کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت میں موسلادھار بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

اگر سری لنکا اور پاکستان کے درمیان میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہتا ہے تو ایسی صورت میں گرین شرٹس ایشیا کپ سے باہر ہو جائیں گے اور بہتر رن ریٹ کی بدولت سری لنکا کی ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی۔

بھارت کے خلاف 228 رنز کی بدترین شکست کی وجہ سے پاکستان کا رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا ہے اور اس وقت قومی ٹیم کا رن ریٹ منفی 1.892 ہے جبکہ اس کی نسبت سری لنکا کی صورت حال قدرے بہتر ہے جس کا رن ریٹ منفی 0.2 ہے۔

بارش کی وجہ سے سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کے کئی میچز متاثر ہوئے اور گروپ مرحلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بھی بے نتیجہ رہا تھا۔

اسی طرح دونوں ٹیموں کے درمیان سپر فور مرحلے کا میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا اور اسی وجہ سے میچ کو ریزرو ڈے پر منتقل کرنا پڑا تھا جبکہ سری لنکا اور بھارت کے درمیان میچ میں بھی بارش نے مداخلت کی تھی۔

بارش کے پیش نظر کولمبو میں ہونے والے میچز ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن بعدازاں یہ فیصلہ تبدیل کردیا گیا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو خط لکھ کر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024