• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:25pm

اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے 9 غیرملکی گرفتار

شائع September 13, 2023
مقامی لوگوں کے ایک گروہ اور افریقی ملک کے ایک شہری کے درمیان سڑک پر تصادم کے بعد جھگڑا ہوا تھا—فوٹو: اسکرین شاٹ
مقامی لوگوں کے ایک گروہ اور افریقی ملک کے ایک شہری کے درمیان سڑک پر تصادم کے بعد جھگڑا ہوا تھا—فوٹو: اسکرین شاٹ
مقامی لوگوں کے ایک گروہ اور افریقی ملک کے ایک شہری کے درمیان سڑک پر تصادم کے بعد جھگڑا ہوا تھا—فوٹو: اسکرین شاٹ
مقامی لوگوں کے ایک گروہ اور افریقی ملک کے ایک شہری کے درمیان سڑک پر تصادم کے بعد جھگڑا ہوا تھا—فوٹو: اسکرین شاٹ

اسلام آباد پولیس نے ایک افریقی ملک کے 9 شہریوں کو سوشل میڈیا پر چند ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد گرفتار کرلیا جن میں انہیں پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرتے دیکھا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ 2 ستمبر کو جی-10/(1) میں پیش آیا جس میں افریقی ملک کے شہریوں کے ایک گروپ نے سڑک پر پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی، پولیس نے معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی لیکن واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہیں مقدمہ درج کرنا پڑا۔

مقامی لوگوں کے ایک گروہ اور افریقی ملک کے ایک شہری کے درمیان سڑک پر تصادم کے بعد جھگڑا ہوا تھا، اسی دوران گشت پر مامور پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور رمنا پولیس کو اسٹیشن ہاؤس آفیسر سمیت جائے وقوع پر بلایا۔

غیر ملکیوں نے پولیس اہلکاروں سے بحث شروع کردی اور ان سے اپنی شناخت ظاہر کرنے کو کہا کیونکہ انہیں شک تھا کہ وہ ان کے حریفوں کی مدد کرنے کے لیے پولیس کے بھیس میں آگئے ہیں اور پھر انہوں نے پولیس پر تشدد شروع کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے مزید مدد طلب کی جو کچھ ہی دیر میں موقع پر پہنچ گئی، اس دوران غیر ملکیوں نے اپنے متعلقہ سفارت کاروں سے بھی رابطہ کیا اور وہ بھی وہاں پہنچ گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس سفارت کاروں اور ان کے ہم وطنوں سے بات کر رہی تھی، اس دوران مقامی لوگوں کا گروہ وہاں سے چلا گیا، بعدازاں افریقی ملک کے شہری اور ان کے سفارت کار بھی وہاں سے چلے گئے اور یہ معاملہ رفع دفع ہوگیا۔

ایک سینیئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مقامی گروہ کی شناخت معلوم نہیں ہے کیونکہ پولیس نے ان کی شناخت کی تفصیلات لیے بغیر انہیں جانے کی اجازت دے دی تھی، دونوں گروہوں کے درمیان بیچ سڑک پر جھگڑا شروع ہوگیا تھا لیکن اس کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔

پولیس کی جانب سے سفارت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کے لیے معاملہ دفتر خارجہ کے علم میں لانے سے متعلق سوال کے جواب میں افسر نے کہا کہ قانونی رسمی کارروائیاں مکمل کی جائیں گی۔

ایک اور پولیس افسر نے بتایا کہ کیس کے اندراج کے بعد رمنا پولیس نے افریقی ملک کے شہریوں کو گرفتار کرلیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ان کی شناخت اور ٹھکانے سے واقف تھے۔

ایس ایچ او رمنا عالمگیر خان نے رابطہ کرنے پر 9 غیر ملکیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی، انہوں نے کہا کہ سڑک حادثے پر دونوں گروہوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور شراب کے نشے میں دھت غیر ملکیوں میں سے ایک نے معاملے پر تماشہ کھڑا کردیا تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ افریقی ملک کے سفارت خانے کا قونصلر موقع پر پہنچا اور معافی مانگی اور بعدازاں اپنے ہم وطنوں کو ساتھ لے گیا، واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد ہی مقدمہ درج کیا گیا، پولیس نے غیر ملکیوں کے خلاف دفعہ 353، 186 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ایک پولیس ٹیم نے جی-10/(1) میں ایک کار دیکھی اور شک کی بنیاد پر اسے روکا، گولڈن ازوبیکا گاڑی نامی غیرملکی شہری اس وقت چلا رہا تھا اور پولیس کی جانب سے گاڑی کی تلاشی لینے پر چیخنا چلانا اور گالیاں دینا شروع کر دیں اور مزاحمت بھی کی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بعدازاں اس غیرملکی شہری کے 10 سے 15 ہم وطن موقع پر جمع ہوئے اور پولیس کے خلاف مزاحمت کی اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، بعد ازاں انہوں نے ڈرائیور کو پولیس کی تحویل سے رہا کروا لیا اور چلے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024