ایشیا کپ: حارث رؤف، نسیم شاہ ان فٹ، شاہنواز دھانی اور زمان خان بطور بیک اپ طلب
پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے فاسٹ باؤلرز حارث رؤف اور نسیم شاہ کے ان فٹ ہونے کے پیش نظر 2 فاسٹ باؤلرز کو بطور بیک اپ طلب کر لیا۔
گزشتہ روز بھارت کے خلاف میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور نسیم شاہ کی انجری کے باعث جاری ایشیا کپ کے بقیہ میچز کے لیے فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی اور زمان خان کو بطور بیک اپ کے سری لنکا طلب کیا گیا ہے۔
ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ان کھلاڑیوں کو بطور بیک اپ طلب کرنے کا یہ فیصلہ آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس اور بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔
ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حارث رؤف اور نسیم شاہ ٹیم کے میڈیکل پینل کی زیر نگرانی رہیں گے۔
ٹیم انتظامیہ، اے سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے صرف اس صورت میں متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے کی درخواست کرے گی جب نسیم شاہ یا حارث رؤف آئندہ 7 روز کے لیے ٹیم سے باہر ہوجاتے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف انجری کے باعث بھارت کے خلاف ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ کے دوران انجرڈ ہو کر کھیل سے باہر ہو گئے تھے، دونوں باؤلرز اپنے کوٹے کے پورے 10 اوورز کرانے سے قاصر رہنے کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کے لیے بھی میدان میں واپس نہیں آئے تھے۔
اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست دی تھی۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری مختصر بیان میں کہا گیا تھا کہ ’فاسٹ باؤلر حارث رؤف ایشیا کپ سپر فور میں بھارت کے خلاف میچ میں مزید باؤلنگ نہیں کریں گے، یہ احتیاطی اقدام ہے‘۔
حارث رؤف کی انجری کے حوالے سے پی سی بی نے کہا تھا کہ ’انہیں گزشتہ روز میچ کے دوران جسم کے دائیں طرف معمولی درد محسوس ہو رہا تھا اور احتیاطی طور پر ان کا ایم آر آئی کروایا گیا جو کلیئر ہے‘۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مورنے مورکل نے کہا تھا کہ حارث روف کو پھٹوں کا مسئلہ ہوا ہے اور ورلڈ کپ قریب ہے اسی لیے ہم انہیں آرام دے رہے ہیں اور کوئی خطرہ نہیں مول رہے ہیں۔