• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

بلوچستان: ڈیرہ بگٹی میں فٹبال کھلاڑیوں کے اغوا کے الزام میں 7 مشتبہ افراد گرفتار

شائع September 11, 2023
حکام نے بتایا کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے—فائل فوٹو: کریٹیو کامنز
حکام نے بتایا کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے—فائل فوٹو: کریٹیو کامنز

فٹبال کے 6 مغوی کھلاڑیوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن میں مصروف سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز واقعے میں ملوث 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فٹبال کے 6 کھلاڑیوں کو نامعلوم مسلح افراد نے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے کچھی کینال سے اس وقت اغوا کر لیا تھا جب وہ آل پاکستان چیف منسٹر گولڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کے لیے سبی جا رہے تھے۔

وہ ڈیرہ بگٹی ڈسٹرکٹ فٹبال ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ سفر کر رہے تھے جب انہیں تحصیل سوئی کے علاقے جان بیر سے مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ 24 کے قریب کھلاڑی سبی جا رہے تھے کہ مسلح افراد کے ایک گروہ نے ان کی گاڑی روکی اور بندوق کی نوک پر انہیں ساتھ لے گئے، تاہم بعد میں اغوا کاروں نے 18 کھلاڑیوں کو رہا کر دیا لیکن 6 کو اپنی تحویل میں رکھا، ان تمام کا تعلق ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے علاقوں سے ہے۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور بلوچستان کے وزیر داخلہ کیپٹن (ریٹائرڈ) زبیر احمد جمالی نے کھلاڑیوں کے اغوا کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو مغوی فٹبالرز کی فوری بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔

حکام نے بتایا کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور 7 مشتبہ افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز سندھ اور پنجاب کی سرحدوں سے ملحقہ علاقوں میں تلاشی لے رہی ہیں، مغوی کھلاڑیوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔

سرفراز بگٹی نے یقین دہانی کروائی کہ مغوی کھلاڑیوں کو جلد بازیاب کرالیا جائے گا، تمام سیکیورٹی اداروں کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فٹبال کے معصوم کھلاڑیوں کے اغوا میں ملوث افراد کو اپنی دہشت گردی کی کارروائیوں کے بھرپور نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024