• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خاتون فٹبالر کے ہونٹوں پر بوسہ دینے والے ہسپانوی فٹبال کے سربراہ عہدے سے مستعفی

شائع September 11, 2023
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

خواتین کے فٹبال ورلڈ کپ فائنل کے بعد اسپین کی خاتون فٹبالر کے ہونٹوں پر بوسہ دینے والے ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ لوئس روبیالیس شدید تنقید کےبعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق لوئس روبیالیس نے اپنا استعفیٰ فیڈریشن کے قائم مقام صدر پیڈرو روچا کو پیش کر دیا ہے۔

46 سالہ لوئس روبیالیس 2018 سے فیڈریشن کے صدر رہے ہیں، انہوں نے یورپی فٹ بال ایسوسی ایشنز کی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نائب صدر کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔

انہوں نے عہدے سے مستعفی ہوتے ہوئے بیان میں کہا کہ ’میں اپنا کام جاری نہیں رکھ سکتا۔‘

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’فیفا کی جانب سے فوری طور پر معطلی کے بعد اور میرے خلاف کارروائیوں اور جھوٹے دعووں کے بعد میں اپنے عہدے پر واپس نہیں آسکتا۔‘

لوئس روبیالیس نے کہا کہ ’انتظار کرتے رہنے کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلے گا، نہ فیڈریشن کے لیے اور نہ ہی ہسپانوی فٹ بال کے لیے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے سچائی پر یقین ہے اور میں اسے سچ ثابت کرنے اور کامیاب ہونے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔‘

لوئس کا کہنا تھا کہ ’مجھ پر بے بنیاد الزامات اور جھوٹے دعووں کی وجہ سے میری بیٹیاں، میرے گھر والے اور میرے قریبی ساتھیوں کو بہت کچھ برداشت کرنا پڑا، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ سچ کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔‘

خاتون فٹ بالر کو بوسہ دینے کے واقعہ 20 اگست 2023 کو پیش آیا تھا، سڈنی میں کھیلے گئے خواتین کے ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اسپین فٹبال فیڈریشن کے سربراہ لوئس روبیالیس نے اسپین کی خاتون فٹبالر جینی ہرموسو کے ہونٹوں پر بوسہ دیا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

واقعے کے بعد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ہسپانوی فٹ بال میں کافی مسائل پیدا ہوئے ہیں، واقعے نے اسپین کی ورلڈ کپ کی جیتنے کی خوشی مانند کردی تھی، جس کے بعد اسپین کی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

لوئس روبیالیس کو اس اقدام پر اسپین سمیت دنیا بھر سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور کچھ ہسپانوی کلبز نے ان سے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

بعدازاں فیفا نے لوئس روبیالیس کو تمام فٹ بال سرگرمیوں سے 3 ماہ کے لیے معطل کر دیا تھا۔

قبل ازیں لوئس روبالیس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بوسہ باہمی رضامندی سے لیا گیا تھا۔

دوسری جانب خاتون فٹ بالر جینی ہرموسو نے ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے سابق صدر لوئس روبیلس کے بوسے پر شکایت درج کرائی تھی۔

33 سالہ جینی ہرموسو نے کہا تھا کہ لوئس روبالیس نے بوسہ لینے سے قبل ان کی مرضی نہیں معلوم کی تھی۔

جس کے بعد 81 ایسی کھلاڑی سامنے آئی ہیں، جنہوں نے کہا تھا ہے کہ جب تک فیڈریشن کے صدر کو ان کے عہدے سے نہیں ہٹایا جاتا وہ ملک کی فٹ بال ٹیم کے لیے نہیں کھیلیں گی۔

خاتون فٹ بالر جینی ہرموسو کی جانب سے لوئس کے خلاف شکایت درج کروانے کے بعد ایک ہسپانوی پراسیکیوٹر نے بھی گزشتہ ہفتے لوئس کے خلاف اسپین کی ہائی کورٹ میں شکایت درج کرائی تھی، جس میں جنسی زیادتی اور زبردستی کا الزام لگایا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024