• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ہمارے اتحادی عام انتخابات سے بھاگنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

شائع September 10, 2023
بلاول بھٹو زرداری نے کہا میں شہر شہر جاکر پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کا جواب دوں گا — فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو زرداری نے کہا میں شہر شہر جاکر پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کا جواب دوں گا — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے دیگر سیاسی اتحادی ڈر چکے ہیں، وہ خوف میں مبتلا ہیں، جو کہ اب عام انتخابات سے بھی بھاگنا چاہتے ہیں۔

حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ مسلم ممالک میں خاتون حکمرانی نہیں کر سکتی، لیکن آپ عوام نے ساتھ دیا جس کے بعد ایک بار نہیں دو بار ایک خاتون کو وزیر اعظم بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو عوام، مزدور، کسان، غریب عورتوں کی وزیراعظم تھیں اور اس ملک کے مستقبل کی امید بھی تھیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر جب حیدرآباد سے لانگ مارچ شروع کرتی تھیں تو اسلام آباد کے حکمرانوں کا خدا حافظ ہوتا تھا، اور اب میں آپ کا احسان مند ہوں کہ میں جب بھی آپ کے پاس آیا تو آپ نے مجھے مایوس نہیں کیا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کو بھی پیپلز پارٹی نے کامیاب کیا تھا کیونکہ جو وزیراعظم بننے والے تھے وہ پیچھے پیچھے تھے لیکن حیدرآباد کا جیالہ شرجیل میمن آگے آگے تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس بار میں آپ سے مانگنے کے لیے نہیں بلکہ دینے کے لیے آیا ہوں، آج ہم نے حیدر آباد کے شہریوں کے لیے جو پانی کا میگا منصوبے کے افتتاح کیا ہے یہ ایک تاریخی منصوبہ ہے۔

’شہر شہر جاکر پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کا جواب دوں گا‘

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے کہا جاتا ہے کہ اس نے کچھ نہیں کیا لیکن 1911 میں حیدرآباد کو انگریزوں نے پانی کا منصوبہ دیا تھا اس کے بعد 1970 میں ذوالفقار علی بھٹو نے اس شہر کو پانی کا منصوبہ دیا تھا اور اس کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس شہر کو پانی کا منصوبہ دیا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات لڑیں گے، میں شہر شہر جاکر پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کا جواب دوں گا اور عوام کا بتاؤں گا کہ جس طرح حیدرآباد کو پانی دیا ہے اسی طرح ملتان، فیصل آباد اور پشاور کو پانی دینا چاہتا ہوں، اس لیے آئیں، پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہ ماضی میں الیکشن سے بھاگے ہیں نہ اب بھاگ رہے ہیں، اگر ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں تو ان کو بھاگنے دیں، میں نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کو متعدد بار کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں، اپنا مینڈیٹ ملک دشمن اور نالائق کو نہ دیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایم کیو ایم نے خوفزدہ ہوکر بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہیں لیا جبکہ ہم نے ان کو مسلسل کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں، کیونکہ سیاست میں جو ’ڈر گیا، وہ مرگیا۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے دیگر سیاسی اتحادی ڈر چکے ہیں، وہ خوف میں مبتلا ہیں، جو کہ اب عام انتخابات سے بھی بھاگنا چاہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024