• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایشیا کپ سپر فور میچ: بھارت دوبارہ بیٹنگ نہ کر سکا تو پاکستان کو کتنا ہدف ملے گا؟

شائع September 10, 2023
بارش کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا جو ہر گزرتے وقت کے ساتھ تیز ہوتی جا رہی ہے — فوٹو: ٹوئٹر
بارش کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا جو ہر گزرتے وقت کے ساتھ تیز ہوتی جا رہی ہے — فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو میں جاری ایشیا کپ کے سپر فور راؤنڈ کا میچ بارش کے باعث روک دیا گیا ہے اور گزشتہ میچ کی طرح اس میچ کے بھی بارش سے متاثر ہونے کا شدید امکان ہے۔

کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں آج بھارت نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور اب تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنا لیے ہیں, لیکن بارش کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا جو ہر گزرتے وقت کے ساتھ تیز ہوتی جا رہی ہے۔

گو کہ اس میچ کے لیے خصوصی طور پر ایک ریزرو دن بھی رکھا گیا ہے لیکن امپائرز کی پہلی ترجیح آج کے دن ہی میچ کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہو گا۔

میچ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق اگر آج کے دن کھیل دوبارہ ممکن نہ ہو سکا تو کل بھارتی ٹیم یہیں سے دوبارہ اننگز کا آغاز کرے گی۔

تاہم اگر آج کے دن ہی کھیل ممکن ہو سکا اور پاکستان کو 20 اوورز میں ہدف کے تعاقب کا موقع ملا تو قومی ٹیم کا ہدف 181 رنز ہو گا۔

اگر بھارتی ٹیم آج مزید بیٹنگ نہ کر سکی اور پاکستان کو بھارت کی طرح ہی 24.1 اوورز میں ہدف تک رسائی کا موقع دیا گیا تو ایسے میں قومی ٹیم کو 24 اوورز میں 206 رنز کا ٹارگٹ دیا جائے گا۔

اگر میچ آج رات سری لنکن وقت کے مطابق ساڑھے 10 بجے تک شروع نہ ہو سکا تو پھر اس کو کل دوبارہ مکمل کیا جائے گا۔

اگر میچ سری لنکن وقت کے مطابق ساڑھے 10 بجے یا اس سے قبل شروع ہوتا ہے تو پاکستان کو فتح کے لیے اندازاً 20 اوورز میں نظرثانی شدہ ہدف دیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کولمبو میں ہونے والے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کے دوران پہلے ہی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی اور اسی وجہ سے پاکستان نے ایونٹ کے بقیہ میچز ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

تاہم منتظمین کی جانب سے رضامندی ظاہر کیے جانے کے باوجود ایونٹ کی منتقلی کا فیصلہ تبدیل کردیا گیا اور کولمبو میں ہی میچز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے کو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا اور بھارتی ٹیم کی بیٹنگ مکمل ہونے کے بعد پاکستان کی ٹیم بارش کے سبب بیٹنگ کے لیے میدان میں اتر بھی نہ سکی تھی۔

مذکورہ میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں بھارتی ٹیم صرف 67 رنز پر اپنے چار صف اول کے بلے باز گنوا چکی تھی۔

تاہم اسپنرز کے باؤلنگ پر آتے ہی ہردک پانڈیا اور ایشان کشن نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا اور ایک بہترین شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔

اس سے قبل کہ نصف سنچری بنانے والے دونوں بلے باز قومی ٹیم کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوتے، پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ سے ایک مرتبہ میچ میں بہترین انداز میں واپسی کی اور پوری بھارتی ٹیم کی بساط 266 رنز پر لپیٹ دی تھی۔

ایشان کشن نے 82 اور ہردک پانڈیا نے 87 رنز کی باریاں کھیلی تھیں لیکن دونوں ہی بلے باز اپنی سنچریاں مکمل نہ کر سکے تھے۔

پاکستان کی جانب سے تمام 10 وکٹیں فاسٹ باؤلرز نے حاصل کی تھیں جو ایشیا کپ کی تاریخ کا ایک ریکارڈ بھی ہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے تین، تین وکٹیں اپنے نام کی تھیں تاہم بارش کے باعث یہ میچ بے نتیجہ رہا تھا اور پاکستان کی ٹیم بیٹنگ کے لیے میدان میں اتر بھی نہ سکی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024