• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

’میں زندہ ہوں‘، عدنان صدیقی نے موت کی افواہوں کی تردید کردی

شائع September 10, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

سینئر اداکار عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر اپنی موت کے حوالے سے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، اگلی بار ایسی بریکنگ نیوز بنانے سے پہلے مجھ سے رابطہ کرلیں۔

اداکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے موبائل فون کے ذریعے ایک یوٹیوب کی ایک ویڈیو دکھائی جس میں اینکرپرسن عدنان صدیقی کی موت کی خبر دے رہی ہیں۔

ویڈیو دکھانے کے بعد عدنان صدیقی نے طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’بہت اچھے آدمی تھے، اللہ انہیں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے گھر والوں کو صبر عطا فرمائے، ان کے دوستوں کو خوش اور آباد رکھے۔‘

عدنان صدیقی نے کہا کہ ’میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ کے سامنے لائیو ہوں، نہیں معلوم کس نے میری موت کی خبر پھیلا دی ہے۔‘

اداکار نے مداحوں کو پیغام دیا کہ ’پریشان مت ہوں، ایک دن سب کو مرنا ہے، مگر ابھی کچھ دن باقی ہیں، آپ سب لوگ خوش رہیں اور آباد رہیں اور زندگی انجوائے کریں۔‘

عدنان صدیقی نے پوسٹ کے کیپشن میں تنقیدی اور طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’صحافت اور بریکنگ نیوز کے نام پر میرے انتقال کی افواہیں پھیلانے والے، اگلی بار ایسی بریکنگ نیوز بنانے سے پہلے مجھ سے رابطہ کرلیں، میں تحریری طور پریادگاری پیغام کے ساتھ خبر کی تصدیق کے لیے ذاتی طور پر آپ کے اسٹوڈیوز آؤں گا، آخر کار آپ کی صحافت بہت اعلیٰ ہے۔‘

اداکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مداحوں کو پیغام دیا کہ ’اس سے پہلے کہ آپ میں سے کوئی یہاں تعزیت کا اظہار کرے، میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی میری موت کی خبر کی تردید کرتا ہوں، میں زندہ ہوں الحمدللہ۔‘

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024