’پاکستانی سے دوبارہ شادی نہیں کرنا چاہتی تھی‘، ریحام خان کا تیسری شادی سے متعلق انکشاف
سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور پاکستانی نژاد برطانوی صحافی ریحام خان نے حال ہی میں اپنی تیسری شادی سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ دوسری طلاق کے بعد ابتدائی طور پر انہوں نے سوچ لیا تھا کہ وہ کسی پاکستانی شخص سے دوبارہ شادی نہیں کریں گی۔
ماضی میں بی بی سی اور دیگر اداروں سے بحیثیت براڈکاسٹر وابستہ رہنے والی 50 سالہ صحافی ریحام خان نے دسمبر 2022 میں 36 سالہ مرزا بلال بیگ سے تیسری شادی کی تھی۔
انہوں نے پہلی شادی 1990 میں کی تھی جو 2005 میں طلاق پر ختم ہوئی، انہیں پہلی شادی سے 3 جواں سالہ بچے بھی ہیں جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔
ریحام خان نے دوسری شادی جنوری 2015 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے کی تھی مگر 10 ماہ بعد ہی ان کے درمیان اکتوبر 2015 میں طلاق ہوگئی تھی۔
عمران خان سے شادی اور طلاق کے بعد ہی ریحام خان کو عالمی سطح پر شہرت ملی، وہ فلم پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کر چکی ہیں۔
اب حال ہی میں انہوں نے مرزا بلال بیگ سے تیسری شادی سے متعلق پہلی بار تفصیلی گفتگو کی ہے، ریحام خان نے اپنے شوہر کے ہمراہ ایف ایچ ایم پاکستان یوٹیوب پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی۔
مرزا بلال بیگ سے پہلی ملاقات اور شادی کرنے کے پیچھے وجوہات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ ’ہماری کہانی اتنی بورنگ ہے کہ ہمارے خاندان نے ہمیں مشورہ دیا تھا کہ اصل کہانی کسی کو نہ بتائیں کیونکہ بالخصوص پاکستانی نوجوانوں کو یہ کہانی دلچسپ نہیں لگے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ بلال سے شادی کرنے کی بنیادی وجہ میری ان سے اچھی بات چیت تھی، ہم دونوں ایک دوسرے سے لمبے دورانیے تک آسانی سے بات کرسکتے ہیں، ہم دونوں کی باتیں ہی ختم نہیں ہوتیں اور باتوں باتوں میں ہم نے ایک دوسرے کو شادی کے لیے پروپوز کیا۔
ریحام خان نے کہا کہ ’میں کبھی کسی پاکستانی شخص سے دوبارہ شادی نہیں کرنا چاہتی تھی اور میرے بچے بھی ایسا چاہتے تھے، اپنی شادی سے متعلق بچوں سے بات کرنے میں کافی وقت لگا۔
انہوں نے کہا کہ ’جب بڑی بیٹی کو میری شادی کے بارے میں معلوم ہوا تو اس نے مجھے روکا کہ امی آپ دوبارہ غلطی کررہی ہیں، دوبارہ کسی پاکستانی شخص سے شادی کرنا احمقانہ فیصلہ ہے۔‘
ریحام خان نے کہا کہ شادی کے بعد اب حالات ٹھیک ہوگئے ہیں، بلال کا میرے بچوں سے بہت اچھے تعلقات ہیں۔
ریحام خان سے میری تیسری شادی ہے، مرزا بلال
اسی دوران مرزا بلال بیگ نے بھی انکشاف کیا کہ ریحام خان سے قبل ان کی 2 شادیاں ہوچکی ہیں جن سے ان کی طلاق بھی ہوچکی ہیں۔
اسی بات کو جاری رکھتے ہوئے ریحام خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’بلال سے شادی کرنے سے قبل میں نے ثبوت کے طور پر طلاق نامے دیکھے تھے‘۔
ریحام خان اور بلال بیگ نے کہا کہ ہماری شادی کے بعد زیادہ تر لوگ بہت خوش دکھائی دیے۔
ریحام خان نے کہا کہ کم عمر مرد سے شادی کوئی نئی بات نہیں ہے، میرے علاوہ بھی کئی لوگوں نے ایسی شادیاں کر رکھی ہیں لیکن وہ عوامی شخصیات نہیں ہیں، میرے خیال میں اگر بلال شادی کے فیصلے پر مضبوطی سے کھڑے نہ ہوتے تو شاید دوسرے لوگوں کا مجھ سے رویہ مختلف ہوتا۔
’آج لوگ مجھ سے عزت کے ساتھ پیش آتے ہیں کیونکہ بلال نے مجھے سب کے سامنے انتخاب کرنے کا فیصلہ کیا۔ ’
انٹرویو کے دوران ریحام خان نے خواتین کی آزادی سے متعلق بھی بات کی، انہوں نے کہا کہ کریئر اور مالی آزادی شادی سے کہیں زیادہ اہم ہے، اس لیے خواتین کو پہلے اپنے کریئر پر توجہ دینی چاہیے، یہ مشورہ میں اپنی بیٹیوں کو بھی دیتی ہوں۔
سیاست میں آنے کی نیت سے پاکستان واپس آئی ہوں، ریحام خان
ریحام خان نے سیاست میں آنے سے متعلق سوال پر کہا کہ ’اسی لیے تو ہم کراچی میں حاضر ہوئے ہیں۔‘
سیاسی جماعت بنانے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’سیاسی جماعت بنانے کے لیے میرے پاس کوئی لابی ہے اور نہ ذریعہ ہے، لیکن میرے خیال میں موجودہ سیاسی جماعتوں کے پاس خواتین کو (اور مجھے بھی) موقع دینے کا آپشن ہونا چاہیے جو نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کراچی میں اسی نیت سے آئی ہوں کہ سیاست کا حصہ بنوں، کیونکہ ہر چیز میں سیاست ہے، پاکستان میں بڑی سیاسی جماعتوں کے اندر خواتین کو بہت محدود مواقع دیے گئے ہیں۔
ریحام خان نے کہا کہ ’اگر مجھے کسی سیاسی جماعت میں ایسا محسوس ہوا کہ وہ خواتین کو بھرپور مواقع فراہم کرتی ہے تو میں اسے جوائن کرنے کا ضرور سوچوں گی۔‘