ایشیا کپ کے بقیہ میچز بارش کی نذر ہوئے تو فائنلسٹ کا فیصلہ کیسے ہو گا؟
ایشیا کپ کے سری لنکا میں ہونے والے سپر فور مرحلے کے بقیہ میچز کے بارش سے مکمل طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے نتیجے میں ایونٹ کے بقیہ تمام میچز بے نتیجہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
ایشیا کپ کے سپر فور کے بقیہ میچز 9 ستمبر سے کھیلے جائیں گے اور ان تمام میچز کی میزبانی کولمبو کرے گا۔
تاہم کولمبو میں آنے والے 10 دنوں تک مسلسل بارش موسلادھار اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے آگے ہونے والے تمام میچز نامکمل رہنے کا خدشہ ہے۔
اب تک سپرفور مرحلے کا ایک ہی میچ ہوا ہے جس میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر دو پوائنٹس اپنے نام کر لیے تھے۔
اب ایشیا کپ میں ہونے والے بقیہ تمام میچز بے نتیجہ رہتے ہیں تو پاکستان کے سوا بقیہ تمام میچوں کے پوائنٹس برابر ہوں گے۔
اگر ایونٹ میں مزید کوئی میچ نہ ہو سکا تو ایسی صورت میں پاکستان کی ٹیم براہ راست فائنل میں جگہ بنا لے گی تاہم دوسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کا فیصلہ اتنا آسان نہ ہو گا۔
پاکستان کے علاوہ بقیہ تمام ٹیموں کے پوائنٹس برابر رہنے کی صورت میں دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ یا گزشتہ راؤنڈ کے نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر نہیں کیا جائے گا۔
ایونٹ کے فائنل کے لیے دوسری ٹیم کا فیصلہ ٹاس کی صورت میں کیا جائے گا۔
حتیٰ کہ ایشیا کپ کے 17ستمبر کو شیڈول فائنل میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور میچ مکمل نہ ہونے کی صورت میں دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی عبوری کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے ایشیا کپ کے سری لنکا میں ہونے والے میچز کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقلی کا فیصلہ تبدیل کرنے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ پاکستان ایونٹ کے میزبان ہونے کے باوجود آخر اس طرح کے یکطرفہ فیصلے کون کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بارش کے سبب ایونٹ کے میچز کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا تھا لیکن پھر پاکستان کے میزبان ہونے کے باوجود ایشیا کپ کے میچز کولمبو میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذکا اشرف نے کہا تھا کہ ایشیا کپ کے میزبان کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں یہ فیصلہ کیے جانے سے قبل کسی بھی قسم کی مشاورت نہ کرنے پر شدید نالاں ہے، یہ ابھی تک واضح نہیں یہ فیصلہ کس نے کیا ہے لہٰذا اس سلسلے میں وضاحت درکار ہے۔
انہوں نے سوال کیا تھا کہ پی سی بی کو گیٹ منی کی مد میں ہونے والے نقصان اور میچز بارش کی نذر ہونے سے ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹ کی برانڈ ویلیو کو پہنچنے والے نقصان کا ذمہ دار کون ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میچز بارش کی نذر ہوتے ہیں تو ایشین کرکٹ کونسل اس کا ذمے دار ہو گا اور پی سی بی کو گیٹ منی کی صورت میں ہونے والے نقصان کا ازالہ بھی کرے گا۔