شاہ رخ خان کی ’جوان‘ کا ریلیز ہوتے ہی ریکارڈ
بولی وڈ کے ’بادشاہ‘ کہلانے والے اداکار شاہ رخ خان کی میگا بجٹ فلم ’جوان‘ ریلیز کردی گئی، جس نے پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کرکے نیا اعزاز حاصل کرلیا۔
بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق ’جوان‘ کو 7 ستمبر کو بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیز کردیا گیا اور فلمی صنعتی تجزیہ نگاروں کے مطابق ریلیز کے پہلے ہی دن اس کی کمائی 75 کروڑ روپے تک جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلم کو بیک وقت ہندی اور تامل سمیت دیگر زبانوں میں بھی ریلیز کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر تمام زبانوں میں فلم صرف بھارت سے ہی 75 کروڑ روپے کمائے گی۔
تاہم ’جوان‘ کی پہلے دن کی حتمی کمائی کی تصدیق ایک روز بعد ہوگی اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلم بولی وڈ کی پہلے دن کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنے گی۔
یعنی ’جوان‘ شاہ رخ خان کی رواں برس جنوری میں ہی ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ کا ریکارڈ بھی توڑ دے گی۔
’انڈین ایکسپریس‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ ’جوان‘ کی ریلیز کے موقع پر بھارت کے 30 سینما گھر ایسے ہیں جنہوں نے اسی فلم سے آغاز کیا اور وہ کئی سال قبل بند ہوچکے تھے، لیکن شاہ رخ خان کی فلم کی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے انہوں نے دوبارہ کاروبار شروع کردیا۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر ’جوان‘ کی ریلیز سے قبل ہی اس کے 9 لاکھ 50 ہزار سے زائد ٹکٹکس فروخت ہو چکے تھے، جن کی مالیت 26 کروڑ روپے تک تھی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ ’جوان‘ نہ صرف شاہ رخ خان بلکہ بولی وڈ کی بھی پہلی فلم بنے گی جو سب سے کم وقت میں 500 کروڑ روپے کمائے گی۔
فلم میں شاہ رخ خان کے ہمراہ جنوبی بھارتی اداکارہ نیانتھرا، سانیا ملہوترا، سنیل گروور اور یوگی بابو سمیت اداکار شامل ہیں۔
فلم کی ہدایات اتلی نے دی ہیں اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ’جوان‘ بولی وڈ انڈسٹری کے لیے نیا راستہ بنانے والی فلم ثابت ہوگی اور یہ کمائی میں سب سے آگے نکل جائے گی۔