• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

گوگل پر نیلم منیر لکھیں تو ان کے ساتھ احسن خان کا نام کیوں آتا ہے؟ اداکار نے جواب دے دیا

شائع September 7, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

معروف اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں کہ گوگل پر نیلم منیر کا نام لکھا جاتا ہے تو ان کے ساتھ ان کا نام کیوں آتا ہے؟

احسن خان نے حال ہی میں ’ایف ایچ ایم میگزین‘ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے دیگر معاملات سمیت نیلم منیر کے ساتھ اداکاری اور تعلقات کے حوالے سے بھی کھل کر باتیں کیں۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر اپنے بچوں کی کلاس میں پوزیشن حاصل کرنے کی تصاویر اور پوسٹس لگاتے ہیں وہ دراصل دوسرے لوگوں اور بچوں کو احساس کمتری کا شکار بناتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے عمل سے دوسرے بچے صدمے میں جا سکتے ہیں اور ان کے ذہن میں یہ سوال آسکتا ہے کہ ان کی جانب سے پوزیشن حاصل نہ کرپانے میں ان کا اور ان کے والدین کا قصور ہوسکتا ہے۔

اسی طرح انہوں نے سوشل میڈیا پر دیگر عیاشیوں کی رونمائی کرنے کی بھی حوصلہ شکنی کی اور کہا کہ ایسے عمل سے دوسرے افراد کو ڈپریشن ہو سکتا ہے۔

بھارت کی جانب سے چاند پر مشن بھیجے جانے کے سوال پر احسن خان نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتیوں نے محنت کی، جس کا صلہ انہیں ملا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بھارت کے چاند پر جانے سے اس کا موازنہ پاکستان سے نہیں کیا جانا چاہیے، کسی بھی معاملے پر کسی کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جانا چاہیے، ہر کسی کے اپنے معاملات اور اپنی محنت ہوتی ہے اور ان کی کامیابیاں اور مسائل بھی الگ الگ ہوتے ہیں۔

احسن خان کا کہنا تھا کہ پڑوسیوں کے چاند پر جانے پر ہمیں پریشان نہیں ہونا چاہیے، ہمیں اس بات کی فکر ہونی چاہیے کہ جب ہمارے ہاں کوئی غلط کام ہو تو اس پر ہمیں شرمندگی ہونی چاہیے۔

ان کے مطابق پاکستان میں اگر بچوں کے ساتھ ناروا سلوک ہوتا ہے اور اقلیتوں کے ساتھ غلط ہو رہا ہو تب شرمندگی کی بات ہوگی۔

ایک اور سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ ان کے خیال میں پاکستان کے حالات اتنے بھی خراب نہیں جتنا بتائے اور سمجھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کو چھوڑ کر بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں، دراصل یہ وہ لوگ ہیں جن کے پاس کچھ پیسا ہے جو بیرون ملک بھی جگہ خریدنے کے اہل ہیں۔

احسن خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بیرون ملک منتقل ہونے والے افراد کی صرف تھوڑی سی کمائی کم ہوئی ہے تو وہ بیرون ملک جا رہے ہیں، حالانکہ ایسے حالات نہیں کہ ملک چھوڑنا پڑے۔

ان کے مطابق دنیا کی ہر قوم اور ملک پر مشکل حالات آتے ہیں اور ایسے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے، اگر اچھے خاصے لوگ پاکستان چھوڑ کر جائیں گے تو یہاں کا نظام کون سنبھالے گا؟

پروگرام کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ گوگل پر نیلم منیر کا نام لکھا جائے تو ساتھ میں احسن خان کا نام آتا ہے؟ ایسا کیوں ہے؟

اس پر احسن خان نے جواب دیا کہ انہیں اس حقیقت کا علم نہیں کہ ایسا ہے لیکن ممکنہ طور پر یہ اس لیے ہوگا کہ دونوں نے ایک ساتھ زیادہ کام کیا ہے اور ان کے کام کو پسند بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر گوگل پر ایسا کچھ ہو رہا ہے تو انہیں اس کا علم نہیں اور نہ ہی اس میں ان کا ہاتھ ہے بلکہ یہ لوگوں اور ان کے مداحوں کا کام ہوگا۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیلم منیر کے علاوہ بھی متعدد لڑکیوں کے ساتھ کام کیا ہے اور ان کے ساتھ ان کے کام کو سراہا بھی گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024