• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کوئٹہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 5 مبینہ دہشتگرد ہلاک

شائع September 7, 2023
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) بلوچستان نے کوئٹہ کے علاقے اغبرگ میں آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق زیر حراست کالعدم ٹی ٹی پی کے مبینہ دہشت گرد نصیب اللہ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کا منصوبہ بنایا گیا۔

سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ دوران تحقیقات اس نے اپنے ساتھیوں کی موجودگی کا انکشاف کیا اور بتایا کہ انہوں نے جلد ہی کوئٹہ میں دہشت گردی کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک آپریشن کا منصوبہ بنایا گیا اور دہشت گردوں کی شناخت زیرحراست ملزم کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جو ایف آئی آر نمبر 2023-84 میں نامزد ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی نے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جب پولیس، کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے رہی تھی تو دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور بھاگنے کی کوشش کی۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دو دہشت گردوں نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن موٹرسائیکل پر موجود ٹیم نے احتیاطی اقدامات اٹھائے اور ردعمل دیا، مزید کہا کہ اضافی نفری طلب کی گئی اور بھاگنے والے دہشت گردوں کو قابو کیا گیا۔

مزید کہا کہ اس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ’گرفتار ملزم‘ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخمی کو تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے، جس میں ایک خودکش جیکٹ، 5 دستی بم، دو پستول، ایک رائفل، دو موٹرسائیکلیں شامل ہیں۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد کچلاک میں ایگل اسکواڈ اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں اور کچلاک بائی پاس پر فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھے۔

مزید بتایا گیا کہ یہ سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والوں کی بڑی کامیابی ہے کیونکہ ان کی کوششوں سے کوئٹہ کو دہشت گردی کے ایک اور حملے کرنے سے بچایا گیا، بیان کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

خیال رہے کہ 2 ستمبر کو سی ٹی ڈی نے بتایا تھا کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ اور واشوک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش سے تعلق رکھنے والے 8 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

اس سے قبل 31 اگست کو بلوچستان کے علاقے مہاجر کیمپ سرخاب پشین میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے خفیہ اطلاعات پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا تھا۔

بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ دہشت گردی کی مختلف سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024