’مس انفارمیشن‘: پی ٹی آئی سے تعلق پر امریکا میں سفارتخانے سے ویزے جاری نہ ہونے کی تردید
امریکا میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے ان افواہوں کی تردید کی گئی ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق کی وجہ سے پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔
امریکا میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری تردیدی بیان میں کہا گیا کہ ’سفارت خانہ ایسی افواہوں کی تردید کرتا ہے کہ کسی پاکستانی نژاد امریکی کو ویزا دینے سے انکار کیا گیا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’سفارت خانہ نے پاکستانی نژاد امریکیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کو بلاتعطل ویزوں کا اجرا جاری رکھا ہوا ہے‘۔
مزید کہا گیا کہ ’پاکستانی امریکیوں کو ویزوں کا اجرا سے انکار یا ویزوں کی درخواستیں مسترد کیے جانے کی افواہوں میں‘ کوئی حقیقت نہیں ہے اور یہ ’مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن ہے‘۔
پاکستانی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد امریکیوں اور دیگر سمندر پار پاکستانیوں کا ان کے مادر وطن پاکستان میں خیر مقدم کیا جاتا ہے، سفارت خانہ انہیں ویزا سمیت تمام ممکنہ قونصلر خدمات فراہم کرے گا۔
مزید کہا گیا کہ ’ہم پاکستانی نژاد امریکیوں کی ویزے پر پاکستان کے دورے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اگر وہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتی خانے، ڈی سی یا نیویارک، شکاگو، ہوسٹن اور لاس اینجلس میں سے قونصل جنرل سے مذکورہ خدمات کے حصول کے خواہاں ہوں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ویزے کی درخواستوں پر عمل 24/7 آن لائن میسر ہے، اسی لیے پریشانی کا کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے‘۔
امریکا میں پاکستانی سفارت خانے گزشتہ روز ہونے والی پریس بریفنگ کا بھی حوالہ دیا جہاں محکمہ خارجہ کے ڈپٹی ترجمان ویدانٹ پٹیل نے کہا تھا کہ اگر کسی امریکی شہری کا ویزا مسترد کردیا گیا ہے تو وہ محکمہ خارجہ سے رجوع کرسکتا ہے۔
اس سے قبل سوشل میڈیا میں جاری رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کو پی ٹی آئی سے تعلق کی وجہ سے ویزا جاری کرنے سے انکار کیا گیا، جس کے بعد یہ معاملہ سامنے آگیا تھا۔
رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ چند امریکی شہریوں کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پاکستان میں گرفتار بھی کرلیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے گرفتاری کے بعد ہونے والے بدترین احتجاج پر سخت کریک ڈاؤن کیا گیا تھا۔
ویدانت پٹیل نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں ان خبروں سے لاعلم ہوں تاہم اگر کوئی مسئلہ ہے اور یہاں سامنے آرہا ہے تو پاکستانی قونصل جنرل کے عہدیداروں سے بات کرنی چاہیے اور یہ محکمہ خارجہ کا معاملہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے کو یہی پر چھوڑ دیں گے۔