• KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm
  • KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm

سندھ پولیس میں اہم تبادلے، خادم حسین رند کراچی پولیس کے سربراہ تعینات

شائع September 5, 2023
نگران حکومت نے الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد کراچی پولیس چیف کا تبادلہ کردیا—فوٹو: کراچی پولیس سی پی او
نگران حکومت نے الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد کراچی پولیس چیف کا تبادلہ کردیا—فوٹو: کراچی پولیس سی پی او

سندھ کی نگران حکومت نے صوبے میں محکمہ پولیس میں اہم تبادلے کردیے اور کراچی میں خادم حسین رند کو نیا ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) پولیس تعینات کردیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صوبے کے 31 پولیس افسران کی تقرری اور تبادلوں کی اجازت کے بعد نگران صوبائی حکومت نے اہم تبادلے کردیے ہیں۔

سندھ پولیس کے فیس بک پیج پر جاری الیکشن کمیشن کے نوٹس کے مطابق خادم حسین رند کو جاوید اختر اوڈھو کی جگہ کراچی کا نیا اے آئی جی تعینات کردیا گیا ہے۔

اسی طرح جنوبی زون کے سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سیداسد رضا کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ زون، عاصم خان کو ڈی آئی جی ویسٹ زون اور کیپٹن (ر) غلام اظفر کو ڈی آئی جی ایسٹ زون تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق طارق رزاق کوڈی آئی جی حیدرآباد رینج اور تنویر عالم کو ڈی آئی جی میرپور خاص رینج تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی درخواست پر تقرری اورتبادلوں کی اجازت کے بعد پرویز احمد چانڈیو کو ڈی آئی جی پولیس شہید بے نظیرآباد رینج، عبدالحمید کھوسو کو ڈی آئی جی سکھر رینج اور جاوید سنہارو جسکانا ڈی آئی جی پولیس لاڑکانہ رینج تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

پولیس کے اہم تبادلے سندھ کے نگران وزیرداخلہ کے اعلان کے بعد کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نگران حکومت صوبے میں پولیس کی سطح پر جلد ہی بڑے پیمانے پر تبادلے کرنے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور اسٹیشن ہاؤس افسران (ایس ایچ اوز) کو تبدیل اور ان کی جگہ نئی تعیناتیاں کی جائیں گی۔

نگران صوبائی وزیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ ایس ایچ اوز کی پوسٹس پر ایمان دار اور باصلاحیت پولیس افسران تعینات کرنے کے لیے فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں اور دیگر اہم افسران کے تبادلے چند روز میں کردیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تبادلوں کے بعد شہر میں تبدیلی آئے گی۔

خیال رہے کہ 19 اگست کو سندھ کے انسپکٹرجنرل (آئی جی) غلام نبی میمن کو تبدیل کرکے ان کی جگہ حکومت پنجاب میں فرائض انجام دینے والے پولیس سروس کے گریڈ-21 کے افسر رفعت مختار کو نیا آئی جی تعینات کردیا گیا تھا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ’وفاقی حکومت کی منظوری کے ساتھ حکومت پنجاب میں خدمات انجام دینے والے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر رفعت مختار کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں حکومت سندھ میں صوبائی پولیس افسر (پی پی او) تعینات کردیا گیا ہے‘۔

وفاقی حکومت کی جانب سے 19 اگست کو جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ رفعت مختار کو سول سروس ایکٹ 1973کے سیکشن 10 کے تحت تبادلہ کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024