• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

بھارت کے 15 رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان، لوکیش راہُل بھی شامل

شائع September 5, 2023 اپ ڈیٹ September 6, 2023
انجری سے مکمل صحتیاب نہ ہونے کے باوجود لوکیش راہُل کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے— فوٹو: اے ایف پی
انجری سے مکمل صحتیاب نہ ہونے کے باوجود لوکیش راہُل کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے ورلڈ کپ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں تجربہ کار اسپنر روی چندرن ایشون کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ انجری کے حوالے سے تحفظات کے باوجود لوکیش راہُل کو بھی دستے میں شامل کیا گیا ہے۔

رواں سال مئی میں انڈین پریمیئر لیگ میں ران کی انجری کا شکار ہونے کے بعد سے لوکیش راہُل کسی بھی مسابقتی مقابلے میں شرکت نہیں کر سکے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایشیا کپ کے ابتدائی میچوں میں بھی شریک نہیں ہوئے تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ سپر فور راؤنڈ میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز کے لیے لوکیش راہُل اور ایشان کشن کے درمیان مقابلہ تھا لیکن پاکستان کے خلاف میچ سمیت گزشتہ چار ون ڈے میچوں میں ففٹی کی بدولت ایشان ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے پالے کیلی میں اسکواڈ کے اعلان کے دوران رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشان کشن نے ایشیا کپ میں شان دار اننگز کھیلی اور وہ اننگز کی ابتدا بھی کر سکتے ہیں جبکہ راہُل کا ون ڈے ریکارڈ شان دار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں کی موجودگی میں بحث ہوئی کہ کس کا انتخاب کرنا ہے لیکن اب ہمارے پاس کم از کم دو آپشنز دستیاب ہیں۔

اسکواڈ میں کلدیپ یادو واحد اسپیشلسٹ اسپنر ہیں جبکہ اسپنر رویندرا جدیجا اور اکشر پٹیل جیسے آل راؤنڈرز بھی شامل ہیں۔

البتہ توقعات کے عین مطابق ٹیسٹ میں بھارت کے اولین انتخاب اور بھارت کے نامور اسپنر ایشون کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا کیونکہ وہ ایک عرصے سے بھارت کے ون ڈے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔

اجیت اگرکر نے اسکواڈ میں جدیجا اور اکشر پٹیل دونوں کو منتخب کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں کھلاڑی ہمیں بیٹنگ میں معاونت کرتے ہیں، ون ڈے کرکٹ میں ایک آف اسپنر کی ضرورت ہے لیکن ان دونوں کا انتخاب ہمیں صحیح توازن فراہم کرتا ہے۔

روہت شرما نے متوازن اسکواڈ اور ٹیم میں موجود آپشنز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیل اینڈرز سے زیادہ سے زیادہ کارکردگی دکھانے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے ہماری بیٹنگ لائن میں گہرائی کی کمی رہی ہے تو امید ہے کہ ہم کسی طرح سے یہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

اجیت اگرکر نے کہا کہ صرف یہ نہیں کہ آپ آئیں اور باؤلنگ سے حریف ٹیم کو چلتا کردیں بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ آپ بلے سے بھی اپنا کردار ادا کریں اور یہ چیز بڑا فرق ڈال سکتی ہے۔

دو مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بھارتی ٹیم کو 2019 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جبکہ 2015 میں بھی وہ سیمی فائنل میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والی بھارتی ٹیم کو ایونٹ کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے اور وہ 8 اکتوبر کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گی۔

عالمی کپ کے لیے بھارت کا 15 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

روہت شرما**(کپتان)**، شبمن گِل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، ایشان کشن، لوکیش راہُل، سریا کمار یادیو، ہردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، شردل ٹھاکر، اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ، محمد شامی، محمد سراج اور کلدیپ یادیو۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024