• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:31pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:32pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:31pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:32pm

کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست

شائع September 5, 2023
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار  دیگر کمپنیوں کی طرح کے الیکٹرک صارفین پر بھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے اطلاق کو یقینی بنائے — فائل فوٹو: اے ایف پی
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار دیگر کمپنیوں کی طرح کے الیکٹرک صارفین پر بھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے اطلاق کو یقینی بنائے — فائل فوٹو: اے ایف پی

ایک طرف ملک میں بجلی کے بھاری قیمتوں پر ملک گیر احتجاج جاری ہے تو دوسری جانب پاور ڈویژن نے نیپرا سے کے الیکٹرک کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 47 پیسے، ایک روپیہ 49 پیسے، 4 روپے45 پیسے اور 3 روپے 55 پیسے فی یونٹ اضافی چارجز کی درخواست کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاور ریگولیٹر سے کے الیکٹرک صارفین کے لیے اضافے کی درخواست سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین کے ساتھ یکساں ٹیرف کے بیک لاگ کے خاتمے کے لیے کی گئی ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے کی گئی درخواست بظاہر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر دائر کی گئی جس میں ستمبر، اکتوبر اور نومبر 2023 کے بلنگ مہینوں میں سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 47 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ستمبر اور اکتوبر 2023 کے بلوں کے لیے ایک روپیہ 49 پیسے، اس کے بعد ستمبر اور اکتوبر 2023 کے لیے ایک روپیہ 49 پیسے سے 4 روپے 45 پسے فی یونٹ (مختلف کیٹیگریز پر ) اور پھر ستمبر 2023 سے مارچ 2024 تک کے 6 ماہ کے لیے 3 روپے 55 پیسے اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا کے سامنے زیر التوا 3 روپے 55 پیسے فی یونٹ اضافے کے علاوہ، یہ تمام چارجز پہلے ہی ڈسکوز صارفین سے وصول کیے جا چکے ہیں یا وصول کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے لیکن قانونی سوالات کی وجہ سے کے الیکٹرک صارفین پر لاگو نہیں ہو سکے تھے۔

اب پاور ڈویژن نے نیپرا سے درخواست کی ہے کہ وہ ملک بھر میں یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت ڈسکوز کی طرح کے الیکٹرک صارفین پر بھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے اطلاق کو یقینی بنائے۔

نیپرا اس سے قبل مختلف مواقع پر تکنیکی اور قانونی نکات کی بنیاد پر ان چارجز کی اجازت دینے سے گریزاں رہا ہے، لیکن اب اس نے مختلف اسٹیک ہولڈرز اور صارفین کے گروپس کی جانب سے سامنے آنے والے تبصروں کی روشنی میں نظرثانی شدہ درخواستوں کا جائزہ لینے کے لیے 11 ستمبر کو دوبارہ عوامی سماعت طلب کی ہے۔

اس کے علاوہ پاور ڈویژن نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک صارفین پر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے یکساں اطلاق کے لیے پالیسی گائیڈ لائنز بھی جمع کرائی ہیں۔

وزارت توانائی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ یکساں پالیسی گائیڈ لائنز کی روشنی میں ڈسکوز کے لیے چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ جس پر 23 اگست کو عوامی سماعت ہوئی تھی، کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 7 نومبر 2024
کارٹون : 6 نومبر 2024