شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دینے کی بات پر تنازع کھڑا کیا گیا، کرن ناز
معروف ٹی وی میزبان کرن ناز نے کہا ہے کہ ماضی میں جب انہوں نے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت کی بات کو تو میڈیا سمیت لوگوں نے اس پر تنازع کھڑا کردیا اور ان کی بات کا مطلب غلط لیا گیا۔
شوہر کی دوسری شادی سے متعلق بات کی کرن ناز کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو گزشتہ ماہ کی ہے جب وہ سما ٹی وی کے پروگرام ’گپ شب‘ میں شریک ہوئی تھیں۔
کرن ناز معروف میزبان منیب فاروق کے ہمراہ پروگرام میں شریک ہوئی تھیں، جہاں انہوں نے ماضی میں شوہر کی دوسری شادی سے متعلق دیے گئے بیان پر بھی وضاحت کی تھی۔
کرن ناز نے پروگرام میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں انہوں نے ایک لائیو سیشن کے دوران شوہر کی دوسری شادی پر جواب دیا تو لوگوں نے ان کی بات کا مطلب غلط نکالا اور تنازع کھڑا کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے لائیو شو میں بحث کے دوران کہا تھا کہ مرد کو اسلام میں دوسری اور تیسری شادی کرنے کا حق حاصل ہے اور انہوں نے بھی اپنے شوہر کو اسی لیے اجازت دے رکھی ہے کہ وہ جب چاہیں دوسری شادی کریں۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ ویسے بھی ان کی جانب سے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دینے یا نہ دینے سے کوئی فرق نہیں پڑنا، کیوں کہ خدا کی طرف سے مرد کو دوسری شادی کی اجازت ملی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا شوہر کی دوسری شادی کرنے کے حوالے سے خیال یا سوچ بلکل واضح ہے اور انہوں نے شوہر کو اس کی اجازت دے رکھی ہے۔
کرن ناز کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہی بات ماضی میں بھی کہی تھی لیکن ان کی مذکورہ بات پر تنازع کھڑا کیا گیا اور ان کے حوالے سے ہر قسم کی خبریں شائع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کے شوہر کو لوگوں نے روک روک کر ان سے پوچھا کہ انہوں نے دوسری شادی کرلی؟
کرن ناز کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کی جانب سے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دینے کے بیان پر میڈیا نے بھی مصالحہ دار خبریں لگائیں اور لکھا کہ ٹی وی میزبان کے شوہر نے ان سے بے وفائی کرکے دوسری شادی کردی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیکن ان کے شوہر دوسری شادی کے حوالے سے کہتے ہیں کہ انہوں نے ایک بار کرکے بہت بڑی غلطی کردی، اب وہ دوبارہ ایسی غلطی نہیں کر سکتے۔
خیال رہے کہ 2019 میں کرن ناز کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ مرد حضرات کی ایک سے زائد شادیوں پر بات کرتی دکھائی دی تھیں۔
کرن ناز کا کہنا تھا کہ مرد کو خدا نے چار شادیوں کی اجازت دے رکھی ہے،اسی لیے ان کا بھی اس حوالے سے ذہن صاف ہے اور انہوں نے بھی شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دے رکھی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ویسے بھی ان کی مرضی یا اجازت سے کوئی فرق نہیں پڑنے والا، کیوں کہ خدا کی طرف سے ہی مرد کو زیادہ شادیوں کی اجازت ہے۔