• KHI: Maghrib 6:48pm Isha 8:06pm
  • LHR: Maghrib 6:24pm Isha 7:47pm
  • ISB: Maghrib 6:30pm Isha 7:56pm
  • KHI: Maghrib 6:48pm Isha 8:06pm
  • LHR: Maghrib 6:24pm Isha 7:47pm
  • ISB: Maghrib 6:30pm Isha 7:56pm

متنازع ڈراما ’حادثہ‘ پر پابندی: یاسر حسین پروڈیوسر کے دفاع میں سامنے آگئے

شائع September 4, 2023
فائل فوٹو: انسٹاگرام
فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے متنازع ڈراما سیریل ’حادثہ‘ پر پابندی کے بعد اداکار یاسر حسین ڈرامے کے پروڈیوسر وجاہت رؤف اور ان کی اہلیہ شازیہ وجاہت کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں۔

یاسر حسین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’وجاہت اور شازیہ میرے بہت پرانے دوست ہیں اور میں اعتماد کے ساتھ ایک بات کہہ سکتا ہوں کہ وہ ریٹنگ کے لیے کام نہیں کرتے، ان لوگوں کے اندر بھی دل ہے، یہ کسی کے دل کو ٹھیس پہنچانے کے لیے کام نہیں کریں گے۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ ’مہنگائی کے دور میں کسی کی محنت کو برباد کرنا اچھی بات نہیں ہے، بہتر ہے کہ ڈراما لکھ کر پیمرا سے منظور کروایا جائے بجائے اس کے کہ ڈراما بنا کر اس پر پابندی لگا دی جائے۔‘

یاسر حسین کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ڈراما سیریل ’حادثہ‘ پر پابندی لگائی گئی ہے۔

ڈراما سیریل ’حادثہ‘ پر تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب صحافی فریحہ ادریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ’حادثہ‘ کو دیکھ کر انہیں کچھ عرصہ قبل اذیت ناک واقعے سے گزرنے والی متاثرہ خاتون نے فون کیا اور بات کرتے ہوئے وہ خاتون رو پڑیں۔

جس کے بعد یہ ٹوئٹ اتنی زیادہ وائرل ہوئی کہ لوگوں نے ڈراما ’حادثہ‘ کی پروڈکشن ٹیم پر الزام لگایا کہ ڈرامے کی کہانی 2020 میں لاہور کے قریب موٹروے پر اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کے واقعے پر مبنی ہے۔

مذکورہ ڈرامے کی 4، 5 اور 6 اقساط میں حدیقہ کیانی کے موٹروے پر اغوا، ریپ اور پھر ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے مناظر دکھائے گئے تھے۔

ڈرامے میں موٹروے سے اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کا کردار حدیقہ کیانی نے ادا کیا ہے جب کہ ان کے شوہر کا کردار علی خان نے ادا کیا ہے۔

تاہم ڈرامے کے ہدایت کار اور ڈائریکٹر نے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ’حادثہ‘ کی کہانی موٹر وے گینگ ریپ پر مبنی نہیں ہے، ڈرامے کے تمام کردار فرضی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’اگر صرف ریٹنگ چاہتے تو ہم ساس بہو اور دقیانوسی سوچ رکھنے والے شوہر سے متعلق کہانی کا انتخاب کرتے۔‘

اس سے قبل اداکارہ امر خان نے بھی ڈراما حادثہ کے لیے وجاہت رؤف کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ ’اگرچہ میں نے (وجاہت اور شازیہ) کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا، لیکن ہمیشہ سنا ہے کہ وہ ٹیلی ویژن کے نہ صرف معروف پروڈیوسر ہیں بلکہ ذمہ دار بھی ہیں، انہوں نے بہادری کے ساتھ متعدد بہترین اور غیر معمولی پروجیکٹس پر کام کیا ہے۔‘

واضح رہے کہ ڈراما سیریل ’حادثہ‘ وجاہت رؤف اور ان کی اہلیہ شازیہ وجاہت نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اداکارہ حدیقہ کیانی کے علاوہ علی خان، رومیسہ خان، علی دیان، ژالے سرحدی، سلیم معراج اور جگن کاظم سمیت دیگر کاسٹ میں شامل ہیں۔

مذکورہ ڈرامے کو جیو ٹی وی پر نشر کیا جا رہا تھا اور ابھی اس کی 8 اقساط ہی نشر ہوئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 3 ستمبر 2024
کارٹون : 2 ستمبر 2024