ندا یاسر اور سعدیہ امام سمیت شوبز شخصیات کا بجلی کا بل کتنا آیا؟
پاکستان بھر میں بجلی، پیٹرول سمیت اشیائےخورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، مہنگائی سے جہاں عام طبقہ شدید متاثر ہے وہیں اعلیٰ طبقے کے لوگ بھی پریشان ہیں، حال ہی میں پاکستان کی نامور شوبز شخصیات نے اپنے گھر کے بجلی کے بِل بتائے ہیں۔
نامور اداکارہ سعدیہ امام، مشہور ٹی وی شو میزبان ندا یاسر، نادیہ خان اور ماڈل فضا علی نے اپنے گھر کے بجلی کے بِل، پیٹرول اور اشیائےخورونوش کے اخراجات کی تفصیلات ظاہر کی ہیں۔
اداکاروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے ان کے گھر کے اخراجات بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل آؤٹ اسٹائل پر ایک ویڈیو شئیر کی جہاں تمام اداکارائیں اپنے بجلی کے بھاری بل کی تفصیلات بتارہی ہیں۔
سعدیہ امام نے انکشاف کیا کہ کچھ ماہ قبل ان کے گھر کا بجلی کا بل 67 ہزار روپے آیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے گھر میں سولر سسٹم لگوا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ سولر سسٹم لگوانے کے بعد اب گزشتہ ماہ بجلی کا بِل 19 ہزار روپے آیا ہے اور 5 ہزار روپے ٹیکس لگنے کے بعد کُل بجلی کا بِل 26 ہزار روپے ہوگیا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے گھر میں 2 اے سی لازمی چل رہے ہوتے ہیں۔
سعدیہ نے پیٹرول کے اخراجات کے حوالے سے بتایا کہ چونکہ ان کی بیٹی کو اسکول جانا ہوتا ہے اس لیے ان کی گاڑی صرف پک اینڈ ڈراپ کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر ہفتے اپنی گاڑی میں 40 سے زائد لیٹر پیٹرول ڈلواتی ہیں، کچھ ماہ قبل جو 5 سے 6 ہزار روپے کا پیٹرول ڈلواتی تھیں وہ اب ساڑھے 10 ہزار روپے کا ہوگیا ہے۔
گھر کے بجٹ کے حوالے سے سعدیہ امام کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے ان کے گھر کا بجٹ بھی شدید متاثر ہوا ہے ، انہوں نے بتایا کہ ’کچھ ماہ قبل گھر کا سامان 45 سے 50 ہزار روپے میں خریدتی تھیں، اس بار یہ خرچہ 75 ہزارروپے تک پہنچ گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ جو آلو اور ٹماٹر، پودینہ 100 سے 200 میں فروخت ہوتے تھے اب 300 تک جا پہنچے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے بعد ان کے گھر میں امپورٹڈ اور اضافی سامان نہیں خریدا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ جب ندا یاسر سے بجلی کے بِل سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے انکشاف کیا کہ اگست میں آدھے ماہ گھر میں نہ ہونے کے باوجود بجلی کا بِل ایک لاکھ روپے آیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’دن کے وقت اے سی استعمال نہیں ہوتا، رات کو پوری فیملی ایک کمرے میں سوتی ہے اور صرف ایک اے سی چلتا ہے۔ ’
ندا یاسر نے بتایا کہ ’میں بھی گھر میں سولر سسٹم لگوانے کا سوچ رہی ہوں لیکن سولر بہت زیادہ مہنگا ہوگیا ہے۔ ’
پیٹرول سے متعلق سوال پر ندا یاسر نے بتایا کہ ان کے گھر میں 4 گاڑیاں تھیں، پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد انہوں نے 2 گاڑیاں فروخت دیں، ان کا کہنا تھا کہ ’کچھ روز قبل 25 ہزار روپے میں فُل ٹینک پیٹرول ڈلوایا تھا جسے دیکھ وہ کر حیران رہ گئیں۔
ندا یاسر نے کہا کہ کچھ سمجھ نہیں آرہا مہنگائی کہاں جارہی، ہم تو پھر بھی گزارا کرلیں گے لیکن سفید پوش لوگوں کا کیا حال ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک سال قبل جو گھر کا سامان 55 ہزار روپے میں آتا تھا اب گزشتہ ماہ ایک لاکھ 15 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے، ندا یاسر نے کہا کہ اس مہنگائی میں گھر کے ایک شخص کی تنخواہ پر گزارا نہیں ہوسکتا، ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے گھر کے تمام افراد کو کمانا ہوگا۔
ماڈل فضا علی نے بتایا کہ اے سی نہ چلانے کے باوجود ان کے گھر کا بجلی کا بل 67 ہزارروپے آیا تھا، انہوں نے بتایا کہ بجلی کا بل کم کرنے کے لیے گھر میں سولر شیٹ یا سولر پینل لگوائیں، پوری دنیا اسی سسٹم پر چل رہی ہے۔
نادیہ خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ وہ 3 ہفتے پاکستان میں نہیں تھیں اس کے باوجود بجلی کا بِل 75 ہزار روپے آیا ہے، ’گزشتہ ماہ گھر میں نہ ہونے کے باوجود اتنا زیادہ بل آیا ہے تومیرے خیال میں رواں ماہ شاید ڈیڑھ کروڑ روپے بِل آئے گا۔ ’
کچھ روز قبل پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 300 کا ہندسہ عبور کر کے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 14.91 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18.44 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اب آئندہ 15 دن کے لیے جہاں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 305.36 روپے ہو گئی ہے وہیں ایک لیٹر ڈیزل 311.84 روپے میں ملے گا۔
مسلم لیگ (ن) نے اپنی حکومت ختم ہونے کے تقریباً ایک ہفتے پہلے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ساڑھے 7 روپے تک کا اضافہ کیا تھا جس کے بعد ایک یونٹ کی انتہائی قیمت 57 روپے 80 پیسے تک پہنچ گئی۔