• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm

پاک بھارت میچ: پاکستان نے ایشیا کپ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

شائع September 3, 2023
یہ ایشیا کپ میں پہلا موقع ہے کہ ایک اننگز میں تمام وکٹیں فاسٹ باؤلرز نے حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
یہ ایشیا کپ میں پہلا موقع ہے کہ ایک اننگز میں تمام وکٹیں فاسٹ باؤلرز نے حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ریکارڈ قائم کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان پالے کیلی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے میچ کی ابتدا سے ہی بہترین کھیل پیش کیا اور 66 رنز پر روہت شرما اور ویرات کوہلی سمیت ابتدائی چار بھارتی بلے بازوں کو چلتا کردیا۔

ایشان کشن اور ہردک پانڈیا کی 100 رنز سے زائد کی شراکت نے بھارتی بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا لیکن پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے باؤلنگ اٹیک پر واپس آتے ہی بھارتی بیٹنگ لائن پھر ڈگمگانے لگی اور پوری ٹیم 266 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

میچ میں پاکستان کی جانب شاہین شاہ آفریدی نے چار جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں اور اس طرح سے بھارت کی تمام وکٹیں فاسٹ باؤلرز نے حاصل کیں۔

اس کے ساتھ پاکستانی ٹیم نے نئی تاریخ رقم کردی اور یہ ایشیا کپ میں پہلا موقع ہے کہ ایک اننگز میں تمام وکٹیں فاسٹ باؤلرز نے حاصل کیں۔

تاہم ایک دلچسپ میچ کے منتظر شائقین کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب پاکستان کی اننگز کے آغاز سے قبل بارش نے میچ میں مداخلت کردی اور میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔

میچ بارش کی نذر ہونے کے سبب دونوں ٹیموں میں ایک، ایک پوائنٹ تقسیم کردیا گیا۔

میچ کے بارش کی نذر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش نے کھیل کے بہترین مقابلے کو برباد کردیا لیکن بارش کی پہلے سے پیش گوئی کی جا چکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بطور پی سی بی چیئرمین میں نے ایشین کرکٹ کونسل پر زور دیا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں میچز کھیلنے چاہئیں لیکن سری لنکا کو میزبانی بخشنے کے لیے غیرضروری عذر پیش کیے گئے اور کہا کہ دبئی میں بہت گرمی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں اتنی ہی گرمی ہوتی جتنی گزشتہ سال ستمبر 2022 میں ایشیا کپ یا اپریل 2014 اور ستمبر 2020 میں کھیلی گئی انڈین پریمیئر لیگ کے دوران تھی، کھیل میں اس طرح کی سیاست ناقابل معافی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024