• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عراق: زائرین کی بس حادثے کا شکار، 18 افراد جاں بحق

شائع September 2, 2023
حکام کے مطابق حادثے کے شکار اکثر زائرین کا تعلق ایران سے ہے—فوٹو: اے ایف پی
حکام کے مطابق حادثے کے شکار اکثر زائرین کا تعلق ایران سے ہے—فوٹو: اے ایف پی

عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمالی علاقے میں زائرین کی دو بسوں میں تصادم کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں سے اکثر کا تعلق ایران سے ہے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ شمالی بغداد میں دو بسوں میں تصادم ہوا اور متعدد زائرین جاں بحق ہوگئے۔

عراق کی سرکاری خبرایجنسی کو شمالی صوبہ صلاح الدین کے ڈائریکٹر صحت خالد برہان نے بتایا کہ خوف ناک حادثہ دوجیل اور سمارا کے درمیان پیش آیا۔

صوبائی محکمہ صحت کے عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ منی بسیں ایک دوسرے سے ٹکرائیں، جس سے 18 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

انہوں نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بظاہر ایک ڈرائیور بس چلاتے ہوئے سو گیا تھا اور اسی دوران زائرین کی بس مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گئی۔

ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ جاں بحق زائرین میں 14 کا تعلق ایران سے ہے، دو افغانستان اور دیگر دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوئی۔

صوبے کے محکمہ ٹریفک کے عہدیدار نے بتایا کہ ہلاک افراد میں دونوں ڈرائیور بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بغداد میں اس سے قبل گزشتہ برس 11 ستمبر کو بھی اسی طرح کا حادثہ پیش آیا تھا، جب صوبہ بابل میں زائرین کی بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرائی تھی، جس کے نتیجے میں 11 ایرانی زائرین اور ان کے عراقی ڈرائیور جاں بحق ہوگئے تھے۔

پڑوسی ملک ایران سمیت دنیا بھر سے ہر سال کربلا میں اربعین میں شرکت کے لیے لاکھوں افراد عراق آتے ہیں، اربعین کا اجتماع کربلا میں عاشورہ کے چالیسویں روز منعقد ہوتا ہے اور دنیا کے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔

عراق کی وزارت داخلہ کے اعداد وشمار کے مطابق رواں برس اربعین میں شرکت کے لیے 26 لاکھ سے زائد زائرین عراق آچکے ہیں، جو پروازوں یا زمینی راستوں سے پہنچے ہیں۔

اربعین کا اجتماع 6 اور 7 ستمبر کے دوران مکمل ہوگا اور اس دوران حادثات پیش آتے رہتے ہیں، جہاں پیر اور منگل کو 4 سڑک حادثات میں 20 افراد جان سے گئے تھے، جن میں سے اکثرکا تعلق ایران سے تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ حادثے جنوبی صوبوں وسیت اور ذی قار میں ایران کی سرحد کے قریب پیش آئے۔

عراق تیل کی دولت سے مالا مال ملک ہے لیکن خانہ جنگی سے متاثرہ ہونے کی وجہ سے انفرااسٹرکچر، روڑ اور پل خستہ حال ہوگئے ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال اور تیز رفتاری کے باعث حادثات پیش آتے ہیں۔

وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق عراق میں گزشتہ برس سڑک حادثات میں 4 ہزار 900 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جو روزانہ کی بنیاد پر13 کی اوسط بنتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024