ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 460 روپے مہنگا، ٹرینوں کے کرایے میں 5 فیصد اضافہ
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے ایک روز بعد نگران حکومت نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت 19.4 فیصد بڑھا دی، جس کے نتیجے میں رواں مہینے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 460 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے نے بھی کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا، ایک مہینے میں دوسری بار قیمت بڑھائی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ستمبر کے لیے ایل پی جی کی قیمت 240.2 روپے فی کلو مقرر کی ہے، جو اگست کے 201.2 کے مقابلے میں 39 روپے فی کلو زیادہ ہے۔
لہذا 11.8 کلو گرام ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت رواں مہینے کے لیے بڑھ کر 2 ہزار 833 روپے ہو گئی ہے، جس گزشتہ مہینے 2 ہزار 373 روپے تھی، یہ اضافہ 460 روپے بنتا ہے۔
کمرشل سلنڈر (45.4 کلو گرام) کی قیمت میں ایک ہزار 170 روپے اضافے کے بعد ستمبر کے لیے 10 ہزار 905 روپے ہو گئی ہے، جو اگست میں 9 ہزار 135 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ روپے کی قدر میں کمی اور سعودی عرب کی مارکیٹ میں ایندھن کی زیادہ قیمت بتائی ہے۔
ریگولیٹر نے بتایا کہ ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا کیونکہ اس کی پیداواری قیمت سعودی آرامکو کے ایندھن کے معاہدے کی قیمت اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ سے منسلک ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مہینے کے مقابلے میں سعودی آرامکو کے معاہدے کی قیمت میں 19.8 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اوسطاً ڈالر کی شرح تبادلہ 4.5 فیصد بڑھی ہے، جس سے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
اوگرا نے تخمینہ لگایا کہ ایل پی جی (پروپین 40 فیصد اور بوٹین 60 فیصد) کی فی ٹن پیداواری قیمت ایک لاکھ 63 ہزار 828 روپے بنتی ہے، جس میں 85 روپے فی ٹن ایکسائز ڈیوٹی شامل ہے، لہذا 11.8 کلو گرام کے سلنڈر کی قیمت گزشتہ مہینے کے 1543 روپے کے مقابلے میں 1933 روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
4 ہزار 669 روپے فی ٹن پیٹرولیم لیوی اور 18 فیصد (30,330 روپے فی ٹن) جنرل سیلز ٹیکس کے اضافے کے ساتھ ستمبر کے لیے زیادہ سے زیادہ پیداواری قیمت ایک لاکھ 98 ہزار 826 روپے فی ٹن ہوگی، جو اگست میں فی ٹن ایک لاکھ 59 ہزار 886 روپے تھی، 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی زیادہ سے زیادہ پیداواری قیمت کا حساب پہلے ایک ہزار 886 روپے کے بجائے 2 ہزار 346 روپے فی کلوگرام لگایا گیا تھا۔
صارفین کے لیے قیمت میں مارکیٹنگ، ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسپورٹیشن مارجن کے مزید 35 ہزار روپے فی ٹن زیادہ سے زیادہ پیداواری قیمت کے علاوہ مزید 18 فیصد جی ایس ٹی (6,300 روپے فی ٹن) بھی شامل کی گئی ہے۔
اس طرح، صارفین کے لیے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2 لاکھ 40 ہزار 126 روپے فی ٹن یا 2 ہزار 834 روپے فی 11.8 کلو مقرر کی گئی، نئی قیمتوں کو اطلاق 30 ستمبر تک ہوگا۔
ٹرین کے کرایوں میں اضافہ
دوسری جانب، سما ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے نے مسافروں کے لیے کرایے 5 فیصد بڑھا دیے، یہ ایک مہینے کے دوران دوسرا اضافہ ہے۔
ریلوے حکام نے اس اضافے کو ڈیزل کی بڑھتی ہوئی لاگت کی وجہ قرار دیا۔
16 اگست کو پاکستان ریلوے نے تمام ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔
الگ سے، ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ سبسڈیز کو مرحلہ وار ختم کرنے سے پہلے آئی ایم ایف اور حکومت کو ایک جامع اصلاحاتی منصوبہ تیار کرنا چاہیے۔