• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایشیا کپ 2023: بھارت کو جیتنا ہے تو بابراعظم کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا، جنوبی افریقی لیجنڈ

شائع September 2, 2023
فائل فوٹو: ٹوئٹر
فائل فوٹو: ٹوئٹر

جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے ایشیا کپ 2023 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے اہم میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو اہم کھلاڑی قرار دے دیا جو بھارت کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے جنوبی افریقی لیجنڈ اے بی ڈی ویلیئرز (جو اپنی غیر معمولی کرکٹنگ کی صلاحیتوں کے لیے جانے جاتے ہیں) نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے انہیں کرکٹ کی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے بابر اعظم کے بارے میں بات کرنا اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ ان بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہیں ہم نے کرکٹ کھیلتے دیکھا ہے، وہ پاکستان کے بیٹنگ آرڈر کے مضبوط کھلاڑی ہیں، اگر بھارت پاکستان کی شکست چاہتا ہے تو بابر اعظم کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا کیونکہ وہ بیٹنگ لائن اپ کے اہم کھلاڑی ہیں جو پوری ٹیم کو ایک ساتھ لے کر چل سکتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کی کامیابی کا زیادہ تر انحصار 28 سالہ نوجوان بابر اعظم کی کارکردگی پر ہوگا۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ ’بابراعظم سے میری پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ بہت چھوٹے تھے لیکن میں جلد ہی سمجھ گیا کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی بننے والا ہے، بابر نے کھیل کے مختلف فارمیٹس میں دنیا بھر کے باؤلنگ اٹیک کے خلاف غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ ایک لاجواب کھلاڑی ہے، اور پاکستان کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ بابراعظم ایشیا کپ اور آنے والے سب سے اہم ورلڈ کپ کے لیے اچھی فارم میں رہے۔‘

آج ہونے والے اہم میچ میں بھارت کے خلاف بابر اعظم کو اہم کھلاڑی سمجھا جارہا ہے، انہی میں سے بھارت کے سابق کرکٹر محمد کیف نے ایک بھارتی باؤلر کی نشاندہی کی جو بابر اعظم کے لیے چیلنجنگ ثابت ہوسکتے ہیں۔

اسٹار اسپورٹس سے بات کرتے ہوئے محمد کیف نے مشورہ دیا کہ بابر اعظم کی بیٹنگ کی مہارت کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارتی باؤلر محمد شامی بہترین آپشن ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’محمد شامی ایک بہترین باؤلر ہیں،ان میں بہت ٹیلنٹ ہے، میرے خیال میں اگر محمد شامی بابراعظم کو باؤلنگ کرواتے ہیں تو بابر کو بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

محمد شامی نے 90 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 5.60 کی اکانومی ریٹ سے 162 وکٹیں حاصل کی ہیں، وہ تقریباً ایک دہائی سے بھارتی کرکٹ ٹیم میں موجود رہے ہیں۔

اس کے علاوہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی بھی تعریف کی اور اس چیلنج کو تسلیم کیا کہ بھارتی باؤلرز کے لیے بابراعظم مشکلات کھڑی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ بابر اعظم ایک اچھے کھلاڑی ہیں، اس لیے ہمارے پاس بھی اہم پلان ہوگا، بھارت کے پاس بھی اچھا باؤلنگ اٹیک ہے، اور بابر کو بھی بھارت کے خلاف رنز بنانے کے لیے اچھی بیٹنگ کرنی ہوگی۔‘

طویل عرصے بعد ایشیا کپ 2023 میں اہم مقابلہ ہونے جارہا ہے جہاں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہوگا، ہائی وولٹیج میچ آج 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی اگر بات کی جائے تو آج بھارت کے خلاف ٹیم میں کھلاڑی ہوں گے جنہوں نے 31 اگست کو ملتان میں ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں نیپال کو 238 رنز سے شکست دی تھی۔

اس ٹورنامنٹ کے کُل 13 میچوں میں سے 9 سری لنکا اور 4 پاکستان میں کھیلے جائیں گے، افتتاحی میچ پاکستان کے شہر ملتان میں میزبان ٹیم اور نیپال کے درمیان کھیلا گیا تھا، اس کے علاوہ مزید 2 گروپ میچ اور ایک سپر فور میچ لاہور میں منعقد ہوں گے جبکہ سری لنکا 3 گروپ میچز کی کینڈی اور 5 سپر فور میچز اور فائنل کی میزبانی کولمبو میں کرے گا۔

بھارت کے خلاف پاکستان پلیئنگ الیون:

فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان، آغا سلمان، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف

ایشیا کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ:

عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، سلمان علی آغا، افتخار احمد، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد حارث، شاداب خان، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی

پاکستان کے خلاف بھارت کے (ممکنہ) پلیئنگ الیون:

روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، شاردول ٹھاکر/محمد شامی، کلدیپ یادیو، محمد سراج، جسپریت بمرا

ایشیا کپ کے لیے بھارتی اسکواڈ:

روہت شرما، شبمن گل، شریاس ایر، سوریہ کمار یادو، تلک ورما، ویرات کوہلی، ایشان کشن، کے ایل راہول، اکسر پٹیل، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو، محمد شامی، محمد سراج، پرسید کرشنا اور شاردول ٹھاکر

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024