چینی صدر کا جی 20 اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت نہ جانے کا امکان
آئندہ ہفتے بھارت میں ہونے والے جی 20 سرہراہی اجلاس میں ممکنہ طور پر چینی صدر شی جن پنگ شرکت نہیں کریں گے۔
ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 2 بھارتی عہدیدار، چین میں مقیم سفارت کار اور جی 20 گروپ میں شامل ایک ملک میں تعینات رکن کا کہنا ہے کہ چینی وزیراعظم لی کیانگ 9 سے 10 ستمبر کو نئی دہلی میں ہونے والے اجلاس میں چین کی نمائندگی کریں گے۔
چینی صدر کی جانب سے جی 20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق بھارت یا چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کیوڈو کے مطابق چینی وزیراعظم لی کیانگ 5 سے 7 ستمبر تک انڈونیشیا میں منعقد ہونے والے مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیائی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ جی 20 اجلاس 9 سے 10 ستمبر تک نئی دہلی میں ہوگا۔
اس سے قبل یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ جی 20 اجلاس میں چینی صدر کی اپنے امریکی ہم منصب جوبائیڈن سے ملاقات ہو سکتی ہے، امریکی صدر نے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔
دونوں طاقتور ممالک نے متعدد تجارتی اور جغرافیائی سیاسی مسائل کی وجہ سے تناؤ کا شکار ہونے کے بعد اپنے تعلقات کو استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوششیں شروع کی ہیں۔
شی جن پنگ اور جو بائیڈن کی ملاقات آخری بار اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں ہوئی تھی جہاں دونوں نے انڈونیشیا میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ نئی دہلی میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، روسی صدر کی جگہ وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہمیں اس بات کا علم ہے کہ اجلاس میں چینی وزیر اعظم لی کیانگ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔
چین میں موجود دو غیر ملکی سفارتکار اور جی 20 ملک سے تعلق رکھنے والے ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ شی جن پنگ کی جی 20 اجلاس کے لیے بھارت روانگی کا امکان بہت کم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چینی صدر کے بھارت نہ جانے کے حوالے سے انہیں چینی حکام نے بتایا تھا۔
عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چینی حکام کو نہیں معلوم کہ شی جن پنگ کے اجلاس میں شرکت کیوں نہیں کررہے۔
حال ہی میں کئی اہم امریکی حکام کے بیجنگ کے دورے کی وجہ سے شی جن پنگ اور جو بائیڈن کے درمیان ملاقات کا امکان بڑھ گیا تھا۔
ان دوروں میں رواں ہفتے کے شروع میں کامرس سکریٹری جینا ریمنڈو کا دورہ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں کے درمیان آمنے سامنے بات چیت کے لیے ایک اور سربراہی ملاقات پر بھی غور کیا جا رہا ہے، رپورٹ کے مطابق 12 سے 18 نومبر کو سان فرانسسکو میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن لیڈرز کے اجلاس میں دنوں رہنماؤں کی ملاقات کا امکان ہے۔