• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کے ٹریلر کا ریکارڈ

شائع August 31, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

بولی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان کی میگا بجٹ فلم ’جوان‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ 7 ستمبر کو ریلیز کرنے کی تصدیق کردی گئی۔

’جوان‘ کا ٹریلر دیکھتے ہی بولی وڈ تجزیہ نگاروں نے قیاس آرائیاں ظاہر کی ہیں کہ ان کی فلم ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

فلم کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا اور محض چار گھنٹوں میں اسے 50 لاکھ بار دیکھا گیا، یعنی ہر گھنٹے میں اسے تقریباً 13 لاکھ افراد نے دیکھا۔

’جوان‘ کے مختصر دورانیے کے ٹریلر کو دیکھ کر فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ شاہ رخ خان بظاہر جرائم پیشہ شخص کے روپ میں بھارتی فوج کے افسر کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ شاہ رخ خان جرائم پیشہ شخص اور غنڈے کا روپ دھار کر فوج کی جانب سے دی گئی ذمہ داریوں کو خفیہ اور منفرد انداز میں پورا کرتے دکھائی دیں گے۔

ٹریلر میں شاہ رخ خان کے علاوہ دپیکا پڈوکون کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے جو اس فلم میں مختصر کردار میں دکھائی دیں گی۔

ٹریلر میں شاہ رخ خان کے مختلف روپ دکھائے گئے ہیں، جس میں وہ ایکشن اور کامیڈی کے امتزاج کے مناظر کرتے دکھائی دیے۔

شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی اداکارہ نیانتھرا جلوے بکھرتی دکھائی دیں گی جو اس سے قبل تامل، تیلگو اور ملیالم سمیت دیگر زبانوں کی فلموں میں ایکشن دکھا چکی ہیں۔

’جوان‘ میں مرکزی اداکارہ کے علاوہ دیگر اداکار بھی جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری سے لیے گئے ہیں جو منفی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فلم میں ثانیہ ملہوترا کو بھی ایکشن میں دیکھا جا سکے گا۔

ٹریلر سے قبل گزشتہ ماہ جولائی میں اسی فلم کا گانا ’زندہ بندہ‘ ریلیز کیا گیا تھا، جس میں شاہ رخ خان کو 10 ہزار ڈانسرز کے ساتھ رقص کرتے دیکھا گیا تھا۔

اس سے قبل جولائی کے آغاز میں ’جوان‘ کی جھلکیاں جاری کی گئی تھیں، جنہیں دیکھر کر شائقین نے ریلیز سے قبل ہی شاہ رخ خان کی فلم کو بلاک بسٹر قرار دیا تھا۔

’جوان‘ رواں سال ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی دوسری فلم ہوگی، اس سے قبل جنوری 2023 میں ان کی فلم ’پٹھان‘ریلیز ہوئی تھی، جس نے ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے کئی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

’پٹھان‘ نے تقریبا ایک ہزار ارب روپے کی کمائی کی تھی، جس کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ’جوان‘ بھی تقریبا اتنی ہی کمائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024