• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

نیپال کو شکست دینے کے بعد ٹیم بھارت کے خلاف پرعزم ہے، بابر اعظم

شائع August 31, 2023
بابر اعظم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب میں گیا تو گیند ٹھیک سے نہیں آرہی تھی، اس لیے میں رضوان کے ساتھ اننگز بنانے کی کوشش کر رہا تھا — فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب میں گیا تو گیند ٹھیک سے نہیں آرہی تھی، اس لیے میں رضوان کے ساتھ اننگز بنانے کی کوشش کر رہا تھا — فوٹو: اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ گزشتہ روز نیپال کے خلاف شان دار فتح کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کرنے کے بعد روایتی حریف بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے بڑے مقابلے کے لیے پرعزم ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق بابر اعظم نے ایشیا کپ میں ناتجربہ کار ٹیم نیپال کے خلاف ٹیم کی بہترین کارکردگی کا تسلسل جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

بابر اعظم نے ملتان میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں 151 اور افتخار احمد نے ناقابل شکست 109 رنز بنا کر پاکستان کو مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 342 تک پہنچا دیا تھا۔

ٹورنامنٹ کی شریک میزبان ٹیم نے ایشیا کپ میں ڈیبیو کرنے والی نیپال کو 23.4 اوورز میں 104 رنز پر آؤٹ کرکے باآسانی شکست دی تھی۔

بابر اعظم کو اپنی 19ویں ایک روزہ سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یہ میچ بھارت کے خلاف اہم مقابلے کے لیے اچھی تیاری تھی کیونکہ اس سے ہمازا عزم پختہ ہوا۔

بابر اعظم نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ہمیشہ زیادہ شدت سے کھیلتے ہیں، ہم ہر میچ میں 100 فیصد دینا چاہتے ہیں، امید ہے کہ وہاں بھی ایسا ہی کریں گے۔

بابر ون ڈے کرکٹ کی درجہ بندی میں سرفہرست بلے باز ہیں اور دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بلے باز نے اپنی شان دار بلے بازی سے اپنی برتری ثابت کی ہے اور اپنی روایتی کارکردگی دہرانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایشیا کپ کے پہلے میچ میں نیپال کے خلاف پاکستان کے دونوں اوپنرز جلد آؤٹ ہوگئے تھے تاہم افتخار احمد کے ساتھ شراکت داری سے قبل بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر فتح کی بنیاد رکھی تھی۔

بابر اعظم نے 50 رنز بنانے کے لیے 72 گیندوں کا سامنا کیا لیکن اپنی سنچری 109 گیندوں پر مکمل کی، بعدازاں انہوں نے ٹی20 طرز میں بلے بازی کی اور اگلی 22 گیندوں پر 51 رنز بنائے اور اپنے کیریئر میں دوسری مرتبہ 150 کا سنگ میل عبور کیا۔

بابر اعظم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں بیٹنگ کے لیے میدان میں گیا تو گیند بلے پر ٹھیک سے نہیں آرہی تھی، اس لیے رضوان کے ساتھ شراکت داری کی کوشش کر رہا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ افتخار احمد نے بھی اچھی اننگز کھیلی اور جب وہ بیٹنگ کے لیے آئے تو میں نے انہیں اپنے انداز میں کھیلنے کو کہا اور وہ دو تین چوکے مارنے کے بعد پرسکون تھے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم اب بھارتی ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لیے پالی کیلے کے لیے سری لنکا پہنچ گئی ہے کیونکہ بھارت نے سیاسی تعلقات میں تناؤ کی وجہ سے پاکستان آنے انکار کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024