• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکا: فلوریڈا میں ایڈالیا طوفان سے نظام زندگی درہم برہم، سڑکیں تالاب بن گئیں

شائع August 30, 2023 اپ ڈیٹ August 31, 2023
طوفان کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقہ تارپون پانی میں جا بجا ڈوبا ہوا ہے— فوٹو: اے ایف پی
طوفان کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقہ تارپون پانی میں جا بجا ڈوبا ہوا ہے— فوٹو: اے ایف پی

امریکا میں سمندری طوفان ایڈالیا فلوریڈا کے بگ بینڈ کے علاقے میں ایک ”انتہائی خطرناک“ کیٹیگری 3 کے طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے جس نے امریکا کے لاکھوں شہریوں کو انخلا اور نقل مکانی پر مجبور کردیا ہے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق خلیج میکسیکو کے گرم پانیوں سے تقویت حاصل کرنے والے سمندری طوفان ایڈالیا کے سبب تباہ کن ہواؤں کے ساتھ ساتھ موسلادھار بارشیں ہوئیں جن سے ریاست کے خلیجی ساحل کے ساتھ 16 فٹ گہرائی تک لہریں بلند ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

ایڈایلیا صبح پونے 8 بجے کیٹن بیچ پر ساحل سے ٹکرایا جو ریاست کے دارالحکومت تلاہاسی سے تقریباً 75 میل جنوب مشرق میں ٹیلر کاؤنٹی میں 13ہزار افراد پر مشتمل ایک ساحلی علاقہ ہے۔

کاؤنٹی کمشنر جیمی انگلش نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ ابھی ٹیلر کاؤنٹی سے تباہی مچاتا ہوا گزر رہا ہے، امید ہے کہ سب محفوظ ہیں، ہر طرف ہوائیں چلنے کی وجہ سے ملبہ اڑ رہا ہے اور ہر طرف بجلی کی بندش ہے۔

سینٹ پیٹرزبرگ میں ساری رات تیز ہوائیں اور موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث مارک فین نو دیگر لوگوں کے ہمراہ نقل مکانی اور گھر سے انخلا پر مجبور ہو گئے۔

37 سالہ مارک فین مین نے کہا کہ وہ اپنے والدین کی خیریت دریافت کرنا چاہتے ہیں جو ایک میل دور ہیں لیکن وہ طوفان کے گزرنے تک کسی نقصان کی جانچ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

انہوں نے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کہا کہ ابھی صورتحال پرسکون ہے، ہم سیلاب میں تباہ نہیں ہوئے تو امید ہے کہ ہم اس میں زیادہ نقصان نہیں اٹھائیں گے۔

میامی میں نیشنل ہریکین سینٹر نے کہا کہ راتوں رات، سمندری طوفان انتہائی خطرناک کیٹیگری 4 کی شدت اختیار کر گیا تھا لیکن صبح 7 بجے یہ 125 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ کیٹیگری 3 میں داخل ہو کر قدرے کمزور ہوگیا۔

نیشنل ہریکین سینٹر نے کہا کہ صبح 9 بجے تک، زیادہ سے زیادہ 110 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں جس سے یہ طوفان مزید کمزور ہو کر کیٹیگری 2 میں داخل ہو گیا۔

فلوریڈا کے 2 کروڑ سے زائد باشندوں کے ساتھ ساتھ ملحقہ ریاستوں جارجیا اور جنوبی کیرولینا میں لوگوں کے لیے طوفان کی وارننگ اور ایڈوائزری جاری کردی گئی تھی۔

سمندری طوفان کے مرکز نے خبردار کیا ہے کہ فلوریڈا کے خلیجی ساحل، جنوب مشرقی جارجیا اور شمالی اور جنوبی کیرولینا کے مشرقی حصوں کو جمعرات تک 4 سے 8 انچ بارش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس کے علاوہ دور دراز علاقوں میں ایک فٹ تک بارش ہو سکتی ہے۔

حکام نے کہا کہ طوفان کا سب سے خطرناک پہلو تیز ہواؤں کے نتیجے میں بلند ہونے والی لہریں ہیں جس سے ساحل کے ساتھ نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

سرسوٹا سے اپالاچیکولا بے کے مغربی سرے تک سینکڑوں میل ساحلی پٹی پر بلند لہروں کی وارننگ جاری کی گئی جبکہ کچھ علاقوں میں انتباہ جاری کیا گیا کہ یہ لہریں 16 فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں۔

فلوریڈ کے گورنر ڈی سینٹیس نے کہا کہ اگر طوفان میں 16 فٹ اونچی لہریں بلند ہوتی ہیں تو شہریوں کے زندہ رہنے کے امکانات بہت زیادہ نہیں ہوتے، پھر آپ کو تین منزلہ عمارت میں رہائش کی ضرورت پڑے گی کیونکہ بہت اونچی لہریں بلندی تک جانے والی ہیں۔

منگل کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ اور فلوریڈا کے گورنر اور 2024 کے صدارتی انتخابات میں بائیڈن کو چیلنج کرنے والے ریپبلکن امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کے خواہاں رون ڈی سینٹیس طوفان کی تیاریوں کے سلسلے میں مسلسل رابطے میں تھے اور اس حوالے سے بدھ کو بات کریں گے۔

2017 میں ارما، 2018 میں مائیکل اور گزشتہ ستمبر میں ایان کے بعد گزشتہ سات برسوں میں فلوریڈا سے ٹکرانے والا یہ چوتھا بڑا سمندری طوفان تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024