• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کراچی: پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ سندھ ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار

شائع August 30, 2023
وکیل وہاب بلوچ نے گرفتاری پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں تبدیلی کے باوجود حلیم عادل شیخ کی پارٹی کے ساتھ وہی سلوک برقرار ہے: فوٹو: ڈان نیوز
وکیل وہاب بلوچ نے گرفتاری پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں تبدیلی کے باوجود حلیم عادل شیخ کی پارٹی کے ساتھ وہی سلوک برقرار ہے: فوٹو: ڈان نیوز

کراچی پولیس نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ پہنچنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کو عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز ٹی وی پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھایا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو عدالت کے احاطے کے باہر سے گرفتار کیا جا رہا ہے تاہم جس کیس میں انہیں گرفتار کیا گیا، اس کی تفصیلات واضح طور پر سامنے نہیں آئیں۔

خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ 9 مئی کو توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں عوامی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور پرتشدد مظاہروں اور فسادات کے بعد مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں میں شامل ہیں۔

آج سندھ ہائی کورٹ نے اراضی اسکینڈل کیس میں سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا تاہم کورٹ کے احاطے سے باہر نکلنے کے چند لمحوں بعد ہی پولیس نے ان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

حلیم عادل شیخ کے وکیل وہاب بلوچ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان کے مؤکل جامشورو میں دائر بدعنوانی کے مقدمے میں آج عدالت میں پیش ہوئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جو کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

وکیل وہاب بلوچ نے گرفتاری پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں تبدیلی کے باوجود حلیم عادل شیخ کی پارٹی کے ساتھ وہی سلوک برقرار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی 30 اگست کو کراچی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا تھا۔

30 اگست 2022 کو حلیم عادل شیخ کو دہشت گردی کے ایک مقدمے میں جیل حکام کی طرف سے ضمانت پر رہا ہونے کے چند منٹ بعد اینٹی انکروچمنٹ فورس نے حراست میں لے لیا تھا۔

کراچی سینٹرل جیل سے باہر آتے ہی حلیم عادل شیخ کی گرفتاری عمل میں آئی تھی اور اینٹی انکروچمنٹ فورس کے اہلکار جو بظاہر جیل کے باہر ان کا انتظار کر رہے تھے وہ انہیں اٹھا کر لے گئے اور بعد میں انہیں انسداد تجاوزات پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا اور زمین پر قبضے کے ایک اور کیس میں گرفتار دکھایا گیا۔

v [1]: https://www.dawnnews.tv/news/1187254

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024