• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پنجاب: بجلی کا بل 40 ہزار روپے آنے پر ایک شخص کی خودکشی، احتجاج پر 158 افراد کے خلاف مقدمہ درج

شائع August 30, 2023
بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف دیپالپور، رینالہ خورد ڈیرہ غازی خان میں بھی احتجاج کیا گیا—فوٹو:وائٹ اسٹار
بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف دیپالپور، رینالہ خورد ڈیرہ غازی خان میں بھی احتجاج کیا گیا—فوٹو:وائٹ اسٹار

گوجرہ صدر پولیس نے بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف احتجاج کرنے اور پیر کے روز گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ انٹر چینج کے درمیان 2 مقامات پر موٹروے ایم 4 بلاک کرنے پر 158 افراد کے خلاف 2 مقدمات درج کر لیے جب کہ فیصل آباد کے قریب ڈجکوٹ میں ایک شخص نے بل ادا نہ کر پانے پر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ فیصل آباد کے قریب ڈجکوٹ میں پیش آیا جہاں متوفی نے بجلی کا 40 ہزار روپے کا بل ادا نہ کرنے پر مبینہ طور پر انتہائی قدم اٹھایا۔

ڈجکوٹ کے علاقے صابری ٹاؤن کے رہائشی 35 سالہ محمد حمزہ کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ متوفی مالی مشکلات کی وجہ سے پہلے ہی سخت پریشان تھا اور بجلی کا زیادہ بل اس کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا، جب وہ بل ادا نہ کر سکا تو خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ڈجکوٹ پولیس نے کہا کہ حقائق کی تصدیق کے لیے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی، متوفی دو کمسن بچوں کا باپ تھا۔

گوجرہ میں بجلی بلوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی 341، 506، 290، 291، 148 اور 149 کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

ایک ایف آئی آر میں شکایت کنندہ اے ایس آئی وارث علی شامی نے بتایا کہ 23 نامزد اور 50 نامعلوم افراد نے چک 311جے بی کے قریب موٹر وے کی باڑ توڑی اور احتجاج کر کے ٹریفک بلاک کر دی۔

ایک اور ایف آئی آر 85 افراد کے خلاف درج کی گئی، اے ایس آئی محمد نواز نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین نے چک 343 جے بی کے قریب ایم 4 پر ٹریفک بلاک کر دی، ان مقدمات کے تحت تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

مقدمات کے باوجود کمالیہ میں بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور شہریوں نے چیچہ وطنی رجانہ روڈ کلمہ چوک پر ٹریفک بلاک کر دی، مظاہرین نے بلوں کو نذر آتش کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ادھر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ ریلی نکالی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

ایس سی سی آئی کے صدر ساجد حسین تارڑ نے حکومت سے بجلی کی قیمت میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جب کہ ڈی بی اے کے صدر رانا ظفر یاسین نے کہا کہ وکلا صارفین کو مہنگے ٹیرف کے خلاف قانونی مقدمہ دائر کرنے میں مدد کریں گے، تاجروں نے 2 ستمبر کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی دھمکی بھی دی۔

اس کے علاوہ بہاولپور میں بھی انجمن تاجران نے بجلی کے زیادہ بلوں کے خلاف مظاہرہ کیا جب کہ تاجروں نے ہڑتال کی اور کاروبار بند رکھا، تاجروں نے آج مکمل ہڑتال کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ دیپالپور، رینالہ خورد ڈیرہ غازی خان میں بھی احتجاج کیا گیا جب کہ جماعت اسلامی نے بجلی کے مہنگے بلوں کے خلاف پریس کانفرنس کی اور ریلی نکالی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024