• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

ایبٹ آباد: حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر 15 کیبل کاریں سیل کردی گئیں

شائع August 28, 2023
لوگوں نے کیبل کاروں کی بندش پر تشویش ظاہر کی ہے —فوٹو: آن لائن
لوگوں نے کیبل کاروں کی بندش پر تشویش ظاہر کی ہے —فوٹو: آن لائن

خیبرپختونخوا کے علاقے حویلیاں اور گلیات میں ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ 3 روز کے دوران کم از کم 15 کیبل کاروں کو خراب صورتحال اور مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے سیل کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تحصیلدار حویلیاں محمد اعجاز نے ٹیکنیکل ٹیم، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے)، کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ (سی اینڈ ڈبلیو) اور ریونیو اسٹاف کے ہمراہ معائنے کے دوران معیاری ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کیبل کاروں کے خلاف کارروائی کی۔

کیبل کاروں کو تحصیل حویلیاں میں پونا، ہرلان اور سیتورا میں سیل کیا گیا جبکہ 2 دیگر کاروں کو تحصیل کوکل برسین میں سیل کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنرز فی الحال اپنے متعلقہ علاقوں میں تکنیکی ٹیموں کے ہمراہ سائٹ کے دورے کر رہے ہیں، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی کیبل کار کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر لبنیٰ اقبال کی قیادت میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے)، کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ (سی اینڈ ڈبلیو) اور ریونیو اسٹاف پر مشتمل ٹیم نے تحصیل حویلیاں کے مختلف علاقوں میں کیبل کاروں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے ان کیبل کاروں کی فٹنس کا جائزہ لیا اور متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ ایس او پیز پر مکمل عمل کریں، اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی ضمانت دیتے ہوئے کیبل کاروں کی فٹنس کو بھی یقینی بنایا جائے۔

ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مستقبل میں ممکنہ ناخوشگوار واقعات کو روکنے کے لیے قانون پر سختی سے عمل درآمد کر رہی ہے۔

تاہم ان اقدامات نے ان علاقوں میں رہائش پذیر کئی لوگوں کے لیے مسائل پیدا کر دیے ہیں کیونکہ کیبل کاریں دور دراز پہاڑی علاقوں میں بسنے والے مقامی افراد کے لیے آمد و رفت کا واحد ذریعہ ہے۔

طلبہ، روزانہ سفر کرنے والوں اور عام افراد سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نقل و حمل کے لیے ان کیبل کاروں پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے، لوگوں نے کیبل کاروں کی بندش پر تشویش بھی ظاہر کی ہے جوکہ سیکڑوں دیہاتوں تک رابطے کا واحد ذریعہ ہے۔

تحریک ہزارہ کے چیئرمین سردار گوہر زمان نے انتظامیہ پر زور دیا کہ حویلیاں پونا کیبل کار کو دوبارہ کھولا جائے، جو تقریباً 2 درجن دیہاتوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے اور طلبہ اور عام افراد کی بڑی تعداد اسے استعمال کرتے ہیں، انہوں نے انتظامیہ سے لوگوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا متبادل انتظام فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

یونین کونسل دیل اور نارا کے عوامی نمائندوں نے ہرلان چیئر لفٹ کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ کیبل کار کی بندش سے مقامی آبادی کے لیے بے شمار مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔

اس حوالے سے چیئرمین دیہی کونسل دیوالی سردار اسد جاوید خان، نائب صدر تحریک انصاف تحصیل حویلیاں سردار منیر صفدر، چیئرمین سردار راشد برکت، چیئرمین دیہی کونسل گوہڑہ عبدالرشید اعوان، چیئرمین بودلا ساجد قریشی اور کونسلر نواز نے توجہ دلائی کہ بٹگرام کیبل کار واقعے کے بعد چیئر لفٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024