• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی کے زائد بلوں میں کمی کیلئے ٹھوس اقدامات مرتب کرکے پیش کیے جائیں، وزیرِ اعظم

ملتان میں مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر سڑکیں بلاک کر دیں — فوٹو: دان نیوز
ملتان میں مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر سڑکیں بلاک کر دیں — فوٹو: دان نیوز

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مہنگی بجلی کے خلاف عوام کے ملک گیر احتجاج کے خلاف طلب کردہ ہنگامی اجلاس میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بجلی کے زائد بلوں میں کمی کے لیے ٹھوس اقدامات مرتب اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی چوری کی روک تھام کا روڈ میپ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اجلاس کل تک ملتوی کردیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اتوار کو بجلی کے بِلوں میں اضافے پر ہنگامی اجلاس کا پہلا دور منعقد ہوا جس میں انہیں جولائی کے بجلی کے بلوں میں اضافے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نگران وفاقی کابینہ کے وفاقی وزرا شمشاد اختر، گوہر اعجاز، مرتضیٰ سولنگی، مشیر وزیرِ اعظم ڈاکٹر وقار مسعود، سیکریٹری توانائی، چیئرمین واپڈا، چیئرمین نیپرا اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بجلی کے شعبے کے مسائل، زائد بلوں کے حوالے سے تفصیلات، بجلی چوری اور اس کی روک تھام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی کے زائد بلوں میں کمی کے لیے ٹھوس اقدامات مرتب کرکے پیش کیے جائیں اور ہم جلد بازی میں کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات اٹھائیں گے جس سے ملکی خزانے پر اضافی بوجھ نہ ہو اور صارفین کو سہولت ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں کہ عام آدمی مشکل میں ہو اور افسر شاہی اور وزیرِ اعظم ان کے ٹیکس پر مفت بجلی استعمال کریں۔

انوار الحق نے ہدایت کی کہ متعلقہ وزارتیں اور متعلقہ ادارے مفت بجلی حاصل کرنے والے افسران اور اداروں کی مکمل تفصیل فراہم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں عام آدمی کی نمائندگی کرتا ہوں لہٰذا وزیرِ اعظم ہاؤس اور پاک سیکریٹریٹ میں بجلی کا خرچہ کم سے کم کیا جائے اور اگر میرے کمرے کا اے سی بند کرنا پڑے تو بے شک بند کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بچت کے اقدامات کے نفاذ اور جولائی کے زائد بلوں کے مسئلے پر صوبائی وزرائے اعلیٰ کے ساتھ تفصیلی مشاورت بھی کل کی جائے گی۔

نگران وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں بجلی چوری کی روک تھام کا روڈ میپ پیش کریں اور بجلی کے شعبے کی اصلاحات اور قلیل، وسط اور طویل مدتی پلان جلد از جلد پیش کیا جائے۔

انہوں نے اجلاس کو کل تک ملتوی کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات اور پلان تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے بجلی کے نرخوں میں نمایاں اضافے کی وجہ سے ملک بھر کے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں جس کے بعد نگران وزیراعطم نے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔

دوسری جانب حکومت نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران کو بجلی پر دی جانے والی سبسڈی واپس لینے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سیکریٹری پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال سے ملاقات کی اور بجلی کے بلوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اطلاعات نے ڈان کو تصدیق کی کہ ڈسکوز افسران دی جانے والی مفت بجلی کی سہولت ختم کر دی جائے گی، گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کو مفت بجلی کی سہولت واپس لینے کی سمری کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

وزیر اطلاعات کو بتایا گیا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے سے بنیادی طور پر 400 یونٹس سے زیادہ ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین متاثر ہوئے اور 63.5 فیصد گھریلو صارفین کے لیے ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ملتان، لاہور میں احتجاج

اس کے علاوہ ملتان اور لاہور کے علاقے شاہدرہ میں بھی بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ملتان کی الفلاح مارکیٹ کے رہائشیوں اور تاجروں نے بجلی کے بلوں کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا، انہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے ، مظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر سڑکیں بلاک کر دیں۔

فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے مظاہرین میں شامل ایک شہری نے افسوس کا اظہار کیا کہ وہ خاندان کا واحد کمانے والا ہے، اس کا بل24 ہزار روپے تھا جب کہ اس نے صرف ایک فریج اور پنکھا استعمال کیا تھا، شہری نے مزید کہا کہ گزشتہ ماہ بھی اس کا بجلی کا بل 23 ہزار روپے تھا۔

ایک خاتون نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ ان کے پاس پیسے نہیں ہیں، ان کا شوہر مزدور ہے ،کسی دن مزدوری ملتی ہے، کسی دو نہیں۔

فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

خاتون نے کہا کہ کیا ہم اپنے بچوں کی بھوک مٹائیں یا انہیں تعلیم دلائیں؟ خاتون نے بتایا کہ گزشتہ ماہ اس کا بجلی کا بل 10 ہزار روپے تھا جسے وہ ادا نہیں کرسکے، ہم اتنا بل ادا نہیں کر سکتے، ہماری مددکریں، کچھ کریں۔

ایک اور خاتون نے کہا کہ ہم گھر کا کرایہ دیں، بجلی کا بل ادا کریں یایا اپنے بچوں کی ضروریات پوری کریں؟

ایم کیو ایم پاکستان کا حکومت سے عوام کے تحفظات دور کرنے کا مطالبہ

ادھر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام کے تحفظات دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے صوبائی اور مرکز کی نگراں حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کو جلد از جلد حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں 12سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، وہاں کے تاجر اب احتجاج پر مجبور ہیں، تاجر برادی نے جو کال دی ہے، ایم کیو ایم کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے کہ وہ اس احتجاج کی حمایت کرے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ طویل لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کے بل جوں کے توں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حیدرآباد کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم اس مسئلہ میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک تیزی سے ’انتشار‘ کی جانب جا رہا ہے، بجلی کے بل عوامی پہنچ سے باہر ہو چکے، اپر مڈل کلاس بھی بجلی کے بل ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی گھر کا ماہانہ بل 2 ہزار روپے ہے تو ٹیکس کی وجہ سے اس میں 43 سے 48 فیصد اضافہ ہوگا، پوری دنیا میں کہیں بھی بجلی کے استعمال پر ٹیکس نہیں ہے۔

ٹیکس کم نہیں کیا جا سکتا، ماہرین

ماہرین سمجھتے ہیں کہ بجلی کے بلوں پر عائد ٹیکسز اور لیویز کو مختصر مدت کے اندر کم نہیں کیا جا سکتا۔

معاشی تجزیہ کار معاذ اعظم نے کہا کہ خاص طور پر مالیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے آئی ایم ایف کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ نگران حکومت کے لیے کسی بھی ٹیکس کی وصولی میں کمی یا اس میں تاخیر کرنا ممکن نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی طور پر بیس ٹیرف 30 روپے فی یونٹ ہونے کی وجہ سے بجلی کے بلوں میں اضافہ ہوا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں روشنی ڈالی گئی کہ بجلی کا بنیادی ٹیرف 23 روپے ہے، اس میں 72 فیصد کیپیسٹی چارجز ہیں جو پاور پلانٹس کو آپریشنل رکھنے کی لاگت ہے جو اس وقت بھی ادا کرنے ہوتے ہیں جب حکومت ان سے بجلی نہیں خریدتی۔

جولائی میں نیپرا نے بیس ٹیرف کا تعین کرتے ہوئے اندازہ لگایا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 17 فیصد رہے گی جب کہ ڈالر 286 روپے ہوگا، یہ دونوں اندازے پہلے ہی غلط ثابت ہو چکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ کوئی حل نظر نہیں آرہا، پاک-کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے ریسرچ ہیڈ سمیع اللہ طارق نے کہا کہ ہم ایک پیچیدہ صورتحال میں ہیں، 12 ماہ قبل ٹیرف کے تعین اور ریکوری میں تاخیر ہوئی، اب اہم مسئلہ انتہائی غیر مستحکم ایکسچینج ریٹ ہے۔

تجزیہ کاروں کی جانب سے اشارہ کیا گیا کہ ستمبر میں بجلی کے بلوں میں ہائی بیس ٹیرف کی وجہ سے اضافہ ہو سکتا ہے، آنے والے دنوں میں عوامی دباؤ اور احتجاج کی توقع کی جا سکتی ہے جب کہ سیاست دان بھی اس میں شامل ہو گئے ہیں۔

حال ہی میں پاور ڈویژن نے نیپرا سے درخواست کی کہ اپریل تا جون 2023 کے لیے 5.40 روپے فی یونٹ اضافی سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کو اس فارم میں لاگو نہ کیا جائے۔

پاور ڈویژن حکام نے نیپرا سے درخواست کی کہ صارفین سے تین ماہ کے لیے 5.40 روپے فی یونٹ کے بجائے چھ ماہ کے لیے 3.55 روپے فی یونٹ کی شرح سے بجلی وصول کی جائے، تاہم سمیع اللہ طارق نے کہا کہ وسط مدتی اور طویل مدتی واحد حل یہ ہے کہ بجلی اور گیس کمپنیوں کو بند کر دیا جائے اور بغیر کسی سیاسی یا دوسری مداخلتوں کے ان کی نجکاری کی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024