• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

افغانستان کے خلاف کلین سوئپ کے بعد پاکستانی ٹیم عالمی نمبر ایک بن گئی

شائع August 27, 2023
پاکستان کی ٹیم کا افغانستان کے خلاف سیریز میں فتح کے بعد ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی ٹیم کا افغانستان کے خلاف سیریز میں فتح کے بعد ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی ٹیم نے افغانستان کو ون ڈے سیریز میں 0-3 سے شکست دے کر ون ڈے میں دوبارہ عالمی نمبر ایک رینکنگ حاصل کر لی۔

پاکستان کو تیسرے میچ کے آغاز سے قبل تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل تھی جہاں گرین شرٹس نے پہلے میچ میں 142 اور دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے کامیابی سمیٹی تھی۔

سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بابر اعظم اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم صرف 97 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھی اور مجیب الرحمٰن کی 26 گیندوں پر نصف سنچری بھی افغانستان کی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

اس میچ میں 59 رنز سے کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ بھی مکمل کر لیا اور ساتھ ہی قومی ٹیم ایک مرتبہ پھر ون ڈے کی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بن گئی۔

قومی ٹیم نے گزشتہ ایک سال کے دوران ون ڈے کرکٹ میں بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جہاں ویسٹ انڈیز اور نیدرلینڈز کے خلاف سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کے بعد قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف بھی سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اس کے بعد پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہی پانچ میچوں کی سیریز میں 1-4 سے فتح سمیٹنے کے بعد افغانستان کے خلاف بھی کلین سوئپ کر لیا۔

افغانستان اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں 118 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھی اور اس وقت پاکستان کے پوائنٹس 115.8 تھے۔

تاہم اس سیریز میں کلین سوئپ کے بعد پاکستان کے ریٹنگ پوائنٹس 118.48 ہو گئے ہیں اور وہ عالمی نمبر ایک بن گئی ہے جبکہ 118 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں دوسرے نمبر اور بھارتی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025