• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

مانسہرہ: مسافر وین پل سے گرنے پر خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

شائع August 26, 2023
حادثہ سی پیک کے تحت پنے پل پر پیش آیا—فوٹو: عمر باچا
حادثہ سی پیک کے تحت پنے پل پر پیش آیا—فوٹو: عمر باچا

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں ہزارہ موٹر وے سے بٹگرام کا علاقہ تھاکوٹ کو ملانے والے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت تعمیر کیے گئے پل سے مسافر وین گر گئی، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور 5 مسافر زخمی ہوگئے، مذکورہ پکیا گیا تھا۔

مانسہرہ میں ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ضلعی افسر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ مسافر وین بٹگرا کی تحصیل الائی سے مانسہرہ جا رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حادثہ مانسہرہ کے علاقے ہاتھیمیرا میں پیش آیا جب گاڑی کا ڈرائیور اسٹیئرنگ پر قابو نہ رکھ سکا جبکہ وین میں 13 افراد سوار تھے۔

ریسکیو سروس کے عہدیدار نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور کھائی سے لاشیں اور زخمیوں کو نکال لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاشیں اور زخمیوں کو مانسہرہ میں شاہ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کے اہل خانہ کو حادثے کی اطلاع دی گئی اور لاشیں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرکے ان کے لواحقین کے سپرد کردی جائیں گی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں خیبرپختونخوا کے علاقے بالاکوٹ میں سانگر پر مانسہرہ-ناران جل کھنڈ روڈ پر مسافر ویگن الٹنے سے پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 21 افراد زخمی ہوئے تھے۔

انتظامیہ نے بتایا تھا کہ سیاح خاندان پشاور سے وادی کاغان جا رہا تھا کہ سانگر کے علاقے میں تیز موڑ کاٹتےہوئے گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور یہ حادثہ پیش آیا۔

اس سے قبل 30 جولائی کو مانسہرہ بابوسر ٹاپ کے قریب گیٹی داس کے مقام پر مسافر گاڑی گہری کھائی میں جاگری تھی، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 9 شدید زخمی ہوگئے تھے۔

ڈی ایس پی بالاکوٹ سعید جدون نے بتایا تھا کہ ٹویوٹا ہائی ایس گاڑی ناران سے بابو سر ٹاپ جارہی تھی کہ چڑھائی پر ہیٹ اَپ ہونے کی وجہ سے روک دی گئی، گاڑی کے پچھلے ٹائر کے ساتھ پتھر رکھ دیا گیا تاہم گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔

انہوں نے بتایا تھا کہ حادثے کی اطلاع ملنے پرپولیس، ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں جنہوں نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو کھائی سے نکالا ، زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024