• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

کام کے بدلے کسی کو فائدہ نہیں دیا، اس وجہ سے متعدد کردار نہیں دیے گئے، جویریہ سعود

شائع August 26, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اور مقبول اداکارہ جویریہ سعود نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں بھی شوبز انڈسٹری میں کام کے بدلے فوائد حاصل کرنے کی روایت موجود تھی اور انہیں بھی ماضی کے مقبول متعدد کردار اس لیے نہیں دیے گئے، کیوں کہ انہوں نے کسی کو کوئی فائدہ نہیں دیا۔

جویریہ سعود نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے شوبز انڈسٹری، اداکاری اور ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر کے والد وہ شخصیت تھے، جنہوں نے پہلی بار ریڈیو پر قیام پاکستان کا اعلان ہونے سے پانچ منٹ قبل ریڈیو پر قرآن پاک کی تلاوت کی تھی۔

ان کے مطابق سعود کے والد عالم اور قاری تھے اور قیام پاکستان کے بعد وہ قرئت کے مقابلے بھی منعقد کرواتے رہے اور انہوں نے عالمی سطح پر قرئت کے مقابلے میں دوسری پوزیشن بھی حاصل کی تھی۔

محبت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان کی اور سعود کی شادی خاندان کی مرضی سے ہوئی تھی اور پہلے ان کے درمیان محبت نہیں تھی لیکن شادی کے بعد ہوگئی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد وہ ہر وقت شوہر کے ساتھ چپکی رہتی تھیں، جس پر انہیں سعود نے متعدد بار کہا کہ انہیں کبھی وہ تنہا بھی چھوڑا کریں لیکن انہوں نے ان کی بات نہیں مانی اور ہر وقت ان کے ساتھ چپکی رہتی تھیں، جس پر ان کے درمیان محبت ہوگئی۔

جویریہ نے اعتراف کیا کہ شادی کے بعد خود بخود محبت ہوجاتی ہے اور بچوں کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔

اداکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں شوبز میں آنے کے لیے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا، وہ بچپن سے ہی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر کام کرتی آ رہی تھیں اور پہلا ڈراما ’انہونی‘ کامیاب ہونے کے بعد انہیں مسلسل کام ملنا شروع ہوگیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں شوبز میں آنے کے لیے کسی طرح کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا، البتہ انہیں اچھا کام حاصل کرنے میں مشکلات درپیش رہیں۔

جویریہ سعود نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ شوبز سمیت ہر شعبے میں غلط افراد موجود ہوتے ہیں اور ہر شعبے میں اچھائی کے ساتھ برائی بھی رہتی ہے، اسی طرح شوبز میں بھی برے لوگ موجود تھے۔

اداکارہ نے کہا کہ شوبز میں آنے کے بعد وہ ہر کسی کو جھوٹ بولتی تھیں کہ ان کی منگنی ہوچکی ہے، جس وجہ سے لوگ ان سے زیادہ فری نہیں ہوتے تھے اور انہیں پارٹیوں یا دعوتوں پر چلنے کا نہیں کہتے تھے۔

کام کے بدلے فوائد دینے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جویریہ سعود نے کہا کہ دوسری انڈسٹریز کی طرح شوبز میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے کہ ہر کسی کو ان کی شخصیت کی وجہ سے کام دیا جاتا رہا ہے۔

ان کے مطابق ماضی میں بھی ایسے لوگوں کو زیادہ کام ملتا تھا جو کام کے بدلے دوسروں کو کوئی نہ کوئی فائدہ دے رہے ہوتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی طبیعت ایسی نہیں تھی، وہ کسی کو کوئی فائدہ نہیں دیتی تھیں، جس وجہ سے انہیں ماضی میں متعدد معروف کردار نہیں دیے گئے۔

جویریہ سعود نے کہا کہ انہیں اس بات کا کوئی افسوس نہیں کہ انہیں ماضی میں بہت اچھے کردار نہیں دیے گئے۔

اسی طرح بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک بار انہیں بہت بڑا اور اچھا کردار بھی اسی امید پر دیا گیا کہ وہ کردار ادا کرنے کے بعد پیش کش کرنے والوں کو کوئی نہ کوئی فائدہ دیں گی لیکن انہوں نے ایسا کچھ بھی نہیں کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کام کے بدلے میں ان سے ایسے فائدے کی امید رکھی گئی کہ وہ ان کے ساتھ رات دیر گئے پارٹیوں میں موجود رہیں گی۔

ماضی اور حال کی شوبز انڈسٹری کے حوالے سے جویریہ سعود نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب انڈسٹری بہتر ہو چکی ہے، اب زیادہ سہولتیں اور آسائشیں دستیاب ہیں۔

ان کے مطابق اب خواتین کے پاس بھی زیادہ آپشنز موجود ہیں اگر کوئی ان کے ساتھ کوئی غلط بات کرتا ہے تو وہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیتی ہیں اور لوگ ان کا ساتھ بھی دیتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے نشاندہی کی کہ لیکن بعض خواتین سوشل میڈیا کو غلط بھی استعمال کر رہی ہیں اور جھوٹ بھی بولتی ہیں لیکن انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024