• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹھٹہ: جھرک کے قریب مسافر وین اور ٹرک کے درمیان تصادم، 7 افراد جاں بحق

شائع August 24, 2023
حادثہ اس وقت پیش آیا جب جھرک میں قومی شاہراہ پر حیدرآباد سے آنے والی مسافر وین سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی— فوٹو: ایکس
حادثہ اس وقت پیش آیا جب جھرک میں قومی شاہراہ پر حیدرآباد سے آنے والی مسافر وین سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی— فوٹو: ایکس

سندھ کے ضلع ٹھٹہ کے علاقے جھرک کے قریب ملاکتیار پل پر وین اور ٹرک کے درمیان تصادم میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب جھرک میں قومی شاہراہ پر حیدرآباد سے آنے والی مسافر وین سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

خوفناک حادثے کے نتیجے میں 2 خواتین، 4 مرد اور ایک لڑکی جاں بحق جب کہ 15 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر ارشاد میمن نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جھرک کے ہسپتال پہنچایا گیا۔

ڈی جی ہیلتھ نے کہا کہ زخمیوں کو طبی امداد دی گئی جب کہ شدید زخمیوں کو حیدرآباد کے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایدھی ایمبولینس اور 1122 ایمبولینس موقع پر موجود تھیں جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

واضح رہے کہ سندھ میں ٹریفک حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں جن میں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں، اسی طرح کا ایک حادثہ رواں سال اپریل میں پیش آیا تھا جب ٹھٹہ میں قومی شاہراہ چلیا کے قریب ٹرک اور وین کے تصادم میں کراچی سے تعلق رکھنے والے 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس کے علاوہ گزشتہ سال سندھ کے علاقے سیہون کے قریب انڈس ہائی وے پر وین حادثے کا شکار ہو کر تالاب میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 8 خواتین اور 6 لڑکیوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس سے قبل اسی برس 11 اکتوبر کو بھی انڈس ہائی وے پر کراچی جانے والی کوچ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں تین خواتین اور دو بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جاں بحق شہریوں میں 2 بچے، 3 خواتین اور 6 مرد شامل تھے جب کہ 13 مسافر زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024