• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

لوگ کہتے ہیں میں نے آواز تبدیل کرانے کی سرجری کروائی ہے، ماورا حسین

شائع August 24, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

نامور اداکارہ ماورا حسین کا کہنا ہے کہ حال ہی میں انہوں نے اپنے بارے میں ایک افواہ سنی ہے کہ انہوں نے اپنی آواز تبدیل کرانے کی سرجری کروائی ہے جس کے بعد انہوں نے گوگل کیا کہ کیا واقعی ایسا ممکن بھی ہے۔

ماورا حسین نے کئی ڈراموں میں متاثر کن کردار ادا کیے ہیں جن میں ’نوروز‘، ’نیم‘، ’ثبات‘، ’آنگن‘ اور دیگر شامل ہیں۔

انہیں اپنے کریئر کے ابتدائی دنوں میں اپنی آواز کی وجہ سے کافی ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، سوشل میڈیا صارفین کا خیال تھا کہ ان کی آواز بھاری ہے جو ٹی وی اسکرین کے لیے مناسب نہیں ہے۔

اسی حوالے سے اداکارہ ماورا حسین نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی آواز سے متعلق افواہوں کا تذکرہ کیا۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں لوگوں کی طرف سے باتیں سننے کو ملیں کہ انہوں نے اپنی آواز کی سرجری کروائی ہے۔

ماورا کا کہنا تھا کہ حال ہی میں انہوں نے اپنے متعلق ایک افواہ سنی تھی کہ لوگوں کو لگتا ہے ان کی آواز بدل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں تقریباً 10 سال قبل میری آواز مختلف تھی، میں مانتی ہوں لیکن عمر بڑھنے کے ساتھ لوگوں کو لگتا ہے میری آواز بدل گئی ہے۔‘

اداکارہ نے بتایا کہ ’میری آواز سے متعلق ایک نیوز چینل نے آرٹیکل لکھا کہ ماورا کی آواز اس لیے بدل گئی ہے کیونکہ میں نے وائس چینجنگ سرجری (voice changing surgery) کروائی ہے، میں نے گوگل کیا کہ کیا واقعی ایسا ممکن ہے۔‘

ماورا کا کہنا تھا کہ انہیں گوگل سے معلوم ہوا کہ آواز کی سرجری کروانا ممکن نہیں ہے، نیوز آرٹیکل دیکھ کر وہ حیران رہ گئی ہیں کہ لوگ ایسا بھی سوچ سکتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے مداحوں سے بھی پوچھا کہ کیا ان کی آواز بدل گئی ہے تو مداحوں نے بھی اس بات سے اتفاق کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں نے مداحوں سے اپنی آواز بدلنے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بھی اتفاق کیا، لیکن لوگ میری سرجری کے بارے میں کیوں بات کر رہے ہیں؟ آواز کی سرجری کیسے ممکن ہے؟ لیکن میرے خیال میں عمر بڑھنے کے ساتھ میری آواز خود بخود تبدیل ہوگئی ہے، میں اپنے مداحوں سے متفق ہوں۔‘

ماورا حسین نے اسی دوران اپنی وکالت کی ڈگری سے متعلق ایک اور افواہ کے بارے میں ذکر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’جب میں نے اپنی وکالت کی ڈگری کی مکمل کی تو ایک معتبر اخبار نے میرے بارے میں آرٹیکل لکھا کہ میں نے اپنی وکالت کی ڈگری لندن سے 5 کروڑ روپے میں خریدی ہے۔‘

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’پہلی بات یہ ہے کہ اگر میرے پاس 5 کروڑ روپے ہوں گے تو میں ڈگری نہیں خریدوں گی کچھ اور کروں گی۔‘

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ نیوز آرٹیکل دیکھ کر انہیں بہت ہنسی آئی اور انہوں نے اپنے والدین اور بہن کو بھی دکھایا۔

ماورا نے کہا کہ ’لندن سے وکالت کی ڈگری 5 کروڑ میں نہیں خریدی جاسکتی، مجھے نہیں معلوم کہ لوگوں نے ایسا کیسے سوچ لیا۔‘

ماورا حسین نے انٹرویو کے دوران بھارت اور پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں فرق سے متعلق بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ’جس طرح پاکستان میں ڈرامے اچھے بنائے جاتے ہیں اسی طرح بھارت میں فلمیں اچھی بنائی جاتی ہیں‘۔

ماورا حسین نے 2019 میں یونیورسٹی آف لندن سے وکالت کی تعلیم مکمل کی تھی اور اپنی کانووکیشن کی تصاویر بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں شئیر کی تھیں۔

ماورا حسین نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اپنے کریئر کے ساتھ میں کبھی اپنی تعلیم مکمل کرپاؤں گی، لیکن آج جب میں اس اسٹیج پر موجود ہوں تو مجھے بےحد خوشی محسوس ہورہی ہے، سب کی دعاؤں کا بےحد شکریہ‘۔

ماورا نے 2014 میں ایل ایل بی پروگرام میں داخلہ لیا تھا، لیکن بولی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ میں مرکزی کردار کی آفر موصول ہونے کے باعث انہوں نے اپنی تعلیم میں وقفہ دینے کا فیصلہ کیا، لیکن بعدازاں انہوں نے 2017 میں تعلیم مکمل کرنے کا ارادہ کیا تھا۔

انہوں نے وکالت کا انتخاب کرنے کے حوالے سے کہا کہ ’وکالت کی تعلیم کا انتخاب کرنے سے قبل، میں نے 6 ماہ میڈیسن کی تعلیم بھی حاصل کی، اس کے بعد میں نے مزید 6 ماہ کے لیے فیشن ڈیزائننگ بھی سیکھی، میں کچھ ایسا کرنا چاہتی تھی جو مجھے متاثر کرے، اور آخر کار وکالت نے مجھے متاثر کیا‘۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماورا حسین نے لندن یونیورسٹی سے قانون میں ڈپلومہ بھی حاصل کر رکھا ہے، اس کے علاوہ انہیں کنٹریکٹ لا میں جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ نمبرز حاصل کرنے کا اعزاز بھی ملا تھا۔

البتہ اس بار ماورا حسین کریئر اور تعلیم دونوں کو ساتھ لے کر چلیں گی، لیکن ان کی پہلی ترجیح تعلیم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024