• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تنازعات کے باوجود شعیب اختر کی زندگی پر بنی فلم کا ٹیزر ریلیز

شائع August 23, 2023
مرزا گوہر رشید کو مرکزی کردار میں دکھایا گیا ہے — اسکرین شاٹ
مرزا گوہر رشید کو مرکزی کردار میں دکھایا گیا ہے — اسکرین شاٹ

تنازعات کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی زندگی پر بنائی گئی فلم کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

شعیب اختر نے جولائی 2022 میں تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جارہی ہے، جس میں شائقین پہلی بار ان سے متعلق بہت ساری باتیں دیکھیں گے اور سنیں گے۔

بعد ازاں نومبر 2022 میں معروف گلوکار و ماڈل عمیر جسوال نے بتایا تھا کہ مذکورہ فلم میں وہ شعیب اختر بنیں گے لیکن جنوری 2023 میں انہوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر فلم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

عمیر جسوال کی علیحدگی کے بعد شعیب اختر نے بھی جنوری 2023 میں ہی اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم سے راہیں جدا کرلی تھیں۔

گزشتہ ماہ جولائی میں ہی شعیب اختر نے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی پر بنائی جانے والی کی ریلیز روکنے کے لیے عدالت سے حکم امتناع حاصل کرلیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ان کی جانب سے اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے معاہدے کو ختم کرنے کے باوجود فلم بنانے والے افراد انہیں فلم بنانے اور اسے ریلیز کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

سابق کرکٹر کے مطابق انہیں فلم کی ٹیم نے دھمکی دی تھی کہ وہ ہر حال میں ان کی زندگی پر فلم بنا کر اسے ریلیز کریں گے، جس کی وجہ سے انہیں عدالت جانا پڑا۔

لیکن اب تنازعات اور شعیب اختر کی جانب سے حکم امتناع حاصل کرنے کا دعویٰ کرنے کے باوجود ان کی زندگی پر بنائی گئی فلم کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا۔

’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے نام سے بنائی گئی فلم میں گوہر رشید، سلیم معراج اور شفقت چیمہ سمیت دیگر اداکاروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔

ٹیزر میں ایک بچے کو راولپنڈی کی گلیوں، سڑکوں اور بازاروں میں تیزی سے دوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ شعیب اختر کا بچپن کس قدر غربت اور مسائل میں گزرا لیکن اس کے باوجود ان میں کرکٹر بننے کا جنون تھا۔

ٹیزر میں شعیب اختر کے والدین کی خستہ حالی بھی دکھائی گئی ہے۔ ٹیزر سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شعیب اختر کا کردار گوہر رشید ادا کر رہے ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں سلیم معراج، فاران طاہر، راحیلہ آغا، شفقت چیمہ، عثمان پیرزادہ، سلمان شاہد، عمیر عالم، حمزہ خواجہ، رابطہ علی، فائزہ خان، عمیر رانا، عدنان شاہ ٹیپو، رحیم پردیسی اور حماد صدیقی شامل ہیں۔

فلم کو کفیل انور نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ سعید کمالی اور ولید الطیب اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسرز ہیں۔

قیصر نواز کی کہانی کا اسکرین پلے محمد فراز قیصر نے لکھا ہے جب کہ انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں۔

فلم کے ٹیزر کو آج 23 اگست کو ریلیز کیا گیا، تاہم شعیب اختر نے اس پر فی الحال کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024