• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:29pm

ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر کام کرنے والے دہشت گردوں کا ہتھیار ڈالنے تک تعاقب کیا جائے گا، آرمی چیف

شائع August 23, 2023
آرمی چیف جنرل عاصم منیر شیروانگی میں زخمی سپاہی کی عیادت کررہے ہیں— فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل عاصم منیر شیروانگی میں زخمی سپاہی کی عیادت کررہے ہیں— فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے دشمن ایجنڈے کے تحت کام کرنے والے دہشت گردوں، ان کے ساتھیوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کا ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے تک ان کا تعاقب کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ کے قریب شیروانگی کے علاقے کا دورہ کیا جہاں کل پاک فوج کے 6 جوان دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔

آرمی چیف کی شیروانگی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

جنرل عاصم منیر کو موجودہ انٹیلی جنس اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سمیت موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے علاقے میں تعینات افسران اور فوجیوں سے بات چیت کی اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے میں ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

آرمی چیف نے کہا کہ شہدا ہمارا فخر ہیں اور پاکستان میں مکمل امن و استحکام کی واپسی تک ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

جنوبی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے ایک دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 22 اور 23 اگست کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر م=ثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گرد کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کر لیا گیا جو علاقے میں مختلف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے صفائی کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ اس واقعے سے ایک روز قبل منگل کو جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہو گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جنوبی وزیرستان کے علاقے عسمان منزہ میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک فوج کے 6 سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔

اس سے قبل 16 اگست کو شمالی وزیرستان کے ضلع خیبر کے علاقے باڑا میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

اسی طرح گزشتہ ہفتے کے اوائل میں 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں کارروائی کی تھی اور دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

13 اگست کو ضلع باجوڑ کی وادی چارمنگ میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے اور پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔

حالیہ عرصے کے دوران دہشت گردی کا سب سے بڑا واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب 30 جولائی کو ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں دھماکا ہوا تھا اور اس کے نتیجے میں 44 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024